لاہور کے کوٹ لکھپت جیل میں کچن بند ہونے پر قیدیوں کے گروپس میں جھگڑا ہوا، جس میں ایک قیدی جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔
آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں سالک جلال نے بتایا کہ کوٹ لکھپت جیل میں قیدیوں کے گروپس جھگڑا لنگر کی وجہ سے ہوا اور اس دوران 4 قیدی زخمی ہوئے اور ایک قیدی جاں بحق ہوا، جن کی شناخت اشرف کے نام سے ہوئی ہے۔
آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں سالک جلال جنرل اسپتال میں پہنچ گئے جہاں زخمی قیدیوں کو منتقل کیا گیا تھا، زخمی 4 قیدیوں میں 2 کی حالت غیر بتائی جاتی ہے۔
لاہو کے جنرل اسپتال میں جیل افسران اور پولیس کی نفری بھی موجود ہے، کوٹ لکھپت پولیس بھی جنرل اسپتال پہنچ گئی اور جیل انتظامیہ کی تحریر پر قانونی کارروائی کا عمل شروع کیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ جھگڑے میں جاں بحق 42 سالہ اشرف برکت کو زخمی حالت میں طبی امداد کے لیے جنرل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
جاں بحق ہونے والے قیدی 42 سالہ اشرف 302 کے مقدمے میں جیل میں تھا جبکہ زخمی قیدی فلک شیر منشیات کے مقدمے میں جیل میں بند تھا، دونوں ملزم کوٹ لکھپت جیل میں قید تھے اور دونوں کا شدید جگھڑا ہوا ہے۔
قیدی فلک شیر کو زخمی حالت میں جنرل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے جبکہ جاں بحق قیدی کی لاش مردہ خانہ منتقل کر دی گئی ہے۔
تھانہ کوٹ لکھپت پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کا اغاز کر دیا ہے۔