کراچی؛ سرجانی ٹاؤن میں پرچون کی دکان پر فائرنگ، 25 سالہ شخص جاں بحق

پولیس نے واقعے کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیکر واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے


ویب ڈیسک October 01, 2026

کراچی:

سرجانی ٹاون گورام گوٹھ کچی آبادی میں پرچون کی دکان پر واردات کے دوران نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے دکاندار جاں بحق ہوگیا۔

مقتول دکاندار کے ایک رشتہ دار نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلح ملزمان دکان میں لوٹ مار کرنے کی نیت سے دکان میں آئے تھے اور واقعہ لوٹ مار کی واردات کے دوران پیش آیا، جبکہ پولیس نے واقعے کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیکر واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح سرجانی ٹاؤن تھانے کے علاقے سرجانی ٹاون گورام گوٹھ کچی آبادی میں پرچون کی دکان پر واردات کے دوران نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے دکاندار جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کرنے لیے کرائم سین یوںٹ کو طلب کرلیا۔

بعدازاں مقتول دکاندار کی لاش قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئی، مقتول دکاندار کی شناخت 30 سالہ عزیز الرحمٰن ولد خان غنی کے نام سے کی گئی، مقتول دکاندار 2 بچوں کا باپ تھا اور پرچون کی دکان سے متصل مکان میں ہی رہائش پذیر تھا اور اس کا آبائی تعلق وزیرستان سے تھا، مقتول گزشتہ 5 سال سے گورام گوٹھ میں ہی پرچون کی دکان چلا رہا تھا۔

عباسی شہید اسپتال میں مقتول دکانداروں کے رشتہ داروں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول عزیز الرحمان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی، وہ صرف اپنا کاروبار کر رہا تھا، صبح سویرے عزیز الرحمان نے دکان کھولی اور سودا صرف بیچنے میں مصروف تھا کہ موٹر سائیکل سوار 2 مسلح ملزمان آئے اور عزیزالرحمان کو فائرنگ کرکے قتل کیا اور فرارہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے علم میں نہیں مسلح ملزمان کون تھے اور انھوں نے مقتول عزیز الرحمان کو کیوں قتل کیا جبکہ مقتول عزیز الرحمان کے ایک رشتہ دار نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلح ملزمان دکان میں لوٹ مار کرنے کی نیت سے دکان میں آئے تھے، واقعہ لوٹ مار کی واردات کے دوران پیش آیا۔

مقتول عزیز الرحمان کے رشتہ داروں نے اعلیٰ حکام سے مقتول کے اہلخانہ کو انصاف فراہم کرنے اور واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب، ایس ایچ او سرجانی ٹاون ناصر محمود نے بتایا کہ گورام گوٹھ میں ایک موٹر سائیکل پر سوار 2 نامعلوم ملزمان آئے اور انہوں نے ایک چھوٹی پرچون کی دکان کے پاس فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دکان دار عزیز الرحمن شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر پرائیویٹ گاڑی کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد فوری طور پر کرائم سین یونٹ کو طلب کیا گیا تھا اور کرائم سین یونٹ کو جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کے 4 خول اور ایک سکہ ملا ہے جسے پولیس نے قبضے میں لے لیا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم پولیس واقعاتی شواہد اور علاقہ مکینوں کے بیانات کی روشنی میں واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔