بابر اعظم کو 80 ہزار ڈالر میں عرب امارات کی فرنچائز ڈیزرٹ وائپرز نے سائن کر لیا

بابر اعظم کی آئی ایل ٹی20 میں آمد سے پاکستان اور یو اے ای میں موجود کرکٹ شائقین کی دلچسپی میں بھی اضافہ متوقع ہے


ویب ڈیسک October 01, 2026

پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم کو ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 سیزن 5 کی نیلامی میں 80 ہزار امریکی ڈالر میں ڈیزرٹ وائپرز نے سائن کر لیا۔ اس معاہدے کے ساتھ دنیا کے نمایاں کرکٹرز میں شمار ہونے والے بابر اعظم متحدہ عرب امارات کی فرنچائز لیگ کا حصہ بن گئے۔

 بابر اعظم اس وقت پاکستان میں پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں حصہ لے رہے ہیں اور ملکی ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی مصروفیات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے رواں سال پاکستان سپر لیگ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

بابر اعظم نے مئی میں پشاور زلمی کی قیادت کرتے ہوئے ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل جتوایا۔ یہ پشاور زلمی کی تاریخ میں دوسرا پی ایس ایل ٹائٹل تھا جبکہ ٹیم نے اپنا پہلا چیمپئن شپ ٹائٹل 2017 میں حاصل کیا تھا۔

یہ بطور کپتان بابر اعظم کا پہلا پی ایس ایل ٹائٹل تھا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں 588 رنز بنا کر سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز کا اعزاز بھی حاصل کیا جس میں دو سنچریاں شامل تھیں۔ شاندار کارکردگی کے بعد انہیں پی ایس ایل ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا کپتان بھی نامزد کیا گیا۔

ڈیزرٹ وائپرز میں شمولیت کے بعد آئی ایل ٹی20 فرنچائز کو ایک تجربہ کار ٹاپ آرڈر بلے باز کی خدمات حاصل ہوگئی ہیں جس کے پاس بین الاقوامی اور مختلف فرنچائز لیگز کا وسیع تجربہ ہے۔

بابر اعظم کی آئی ایل ٹی20 میں آمد سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں موجود کرکٹ شائقین کی دلچسپی میں بھی اضافہ متوقع ہے۔

آئی ایل ٹی20 سیزن 5 کی نیلامی میں لیگ کی تمام چھ فرنچائزز پانچویں ایڈیشن سے قبل اپنی ٹیموں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب کر رہی ہیں۔