کراچی: مبینہ پولیس مقابلوں کے بعد 4 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

ملزمان کے قبضے سے اسلحہ ودیگر مسروقہ سامان برآمد


اسٹاف رپورٹر October 02, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

پولیس نے مبینہ مقابلوں کے بعد 4 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔

نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے جمعہ کی صبح سیکٹر جی الیون نیو کراچی سے مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، ملزمان کو طبی امداد کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انکی شناخت اسد ولد فیصل اور کاشف ولد انور کے ناموں سے کی گئی۔

ملزمان کے قبضے سے دو تیس بور پستولیں بمع گولیاں، موبائل فونز، کیش رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی، ملزمان عادی جرائم پیشہ اور اسٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

سمن آباد پولیس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ایف بی ایریا بلاک 20 فائر اسٹیشن کے قریب مین روڈ سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، زخمی ڈاکو کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کی شناخت 28 سالہ رفیق احمد ولد امیر بخش کے نام سے کی گئی، گرفتار ڈاکو کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، گرفتار ڈاکو سے ایک پستول بمع گولیاں، موبائل فون، کیش رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔

بریگیڈ پولیس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب مزار قائد باغ جناح گراؤنڈ کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، ملزم کو طبی امداد کیلئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

 پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے ڈاکو کی شناخت 26 سالہ منیر ولد ارشد حسین کے نام سے کی گئی، ملزم کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا، گرفتار ڈاکو سے ایک پستول بمع گولیاں، موبائل فون اور کیش رقم برآمد کی گئی۔