واٹس ایپ میں رِسٹرکٹڈ چیٹس فیچر کی آزمائش جاری

یہ فیچر فی الحال اینڈرائیڈ بیٹا ٹیسٹرز کے لیے جاری کیا جا رہا ہے


ویب ڈیسک October 03, 2026

انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ کے بیٹا صارفین کے لیے رِسٹرکٹڈ چیٹس نامی نیا فیچر متعارف کرانا شروع کر دیا ہے۔ فیچر کا مقصد جس کا مقصد انفرادی چیٹس کو موجودہ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن سے آگے اضافی تحفظ فراہم کرنا ہے۔

یہ فیچر ایسے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار کیا گیا ہے جن میں تھرڈ پارٹی ٹولز، ترمیم شدہ ویب کلائنٹس یا اے آئی ایجنٹس لنک کیے گئے ڈیوائسز کے ذریعے صارف کی گفتگو تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

رِسٹرکٹڈ چیٹس فعال کرنے کے بعد متعلقہ چیٹ کو واٹس ایپ ویب، دوسرے فونز اور دیگر لنکڈ ڈیوائسز سے بھی رسائی حاصل نہیں ہو سکے گی۔ یوں حساس گفتگو کو کسی اضافی ڈیوائس کے ذریعے پڑھنے یا آگے منتقل کرنے کا امکان کم ہو جائے گا۔

اس کے علاوہ محدود چیٹس میں موصول ہونے والی میڈیا فائلیں خودکار طور پر فون کی گیلری میں محفوظ نہیں ہوں گی جبکہ چیٹ ایکسپورٹ کا آپشن بھی غیر فعال کر دیا جائے گا۔ اس سے صارف کو اپنی گفتگو اور میڈیا کو بیرونی طور پر محفوظ یا منتقل کرنے پر مزید کنٹرول ملے گا۔

رِسٹرکٹڈ چیٹس میں میٹا اے آئی کی سہولیات بھی دستیاب نہیں ہوں گی جس سے چیٹ کے مواد کو اے آئی فیچرز کے ذریعے تجزیہ کیے جانے کا ایک راستہ بھی بند ہو جائے گا۔

یہ فیچر فی الحال اینڈرائیڈ بیٹا ٹیسٹرز کے لیے جاری کیا جا رہا ہے جبکہ عام صارفین کے لیے اس کی دستیابی کی حتمی تاریخ واضح نہیں کی گئی۔