کراچی: پولیس نے ڈیفنس سی ویو پر کار سے ملنے والی  پراپرٹی ڈیلر کی لاش کا معمہ حل کر لیا

پولیس نے کار سوار کو فائرنگ سے قتل کرنے کے الزام میں پولیس اہلکار کو گرفتار کرلیا


اسٹاف رپورٹر October 03, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

ساؤتھ پولیس نے ڈیفنس سی ویو کے قریب کار سے ملنے والی پراپرٹی ڈیلر معراج حسن عابدی کی لاش کا معمہ حل کرلیا ، پولیس نے کار سوار کو فائرنگ سے قتل کرنے کے الزام میں پولیس اہلکار کو گرفتار کرلیا۔

 اس حوالے سے ترجمان ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سی ویو کے قریب گاڑی کے اندر شہری کو گولی مار کر قتل کرنے کا واقعہ ساؤتھ پولیس نے 48 گھنٹوں کے اندر حل کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم پولیس کانسٹیبل اسرار فارن سیکیورٹی سیل میں تعینات اور پولیس سول لائن میں رہائش پذیر ہے ، واردات کے وقت ملزم پولیس یونیفارم میں گاڑی کے اندر موجود تھا ، ملزم نے فائرنگ کے بعد چلتی گاڑی سے چھلانگ لگائی جس کے بعد گاڑی کچھ فاصلے پر فٹ پاتھ سے ٹکرا کر رک گئی، ملزم جائے وقوعہ سے پیدل کچے راستے سے ہوتا ہوا ایک مقام پر پہنچا جہاں اس نے ایک موٹر سائیکل سوار سے لفٹ لی۔

 ابتدائی معلومات کے مطابق گرفتار ملزم پولیس میں بھرتی ہونے سے قبل مقتول کا سیکیورٹی گارڈ بھی رہ چکا ہے جبکہ ملزم کی جانب سے پولیس کو متضاد بیانات دیے جا رہے ہیں ، پولیس نے ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال کیے جانے والا پستول بھی برآمد کرلیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق مقتول اور ملزم کے درمیان پیسوں کے لین دین کا تنازعہ سامنے آیا ہے ، واردات کے بعد پولیس حکام نے مختلف مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر کے ملزم پولیس اہلکار کا سراغ لگایا ، گرفتار ملزم کا آبائی تعلق بونیر سے اور اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔