روس کا یوکرین کے دارالحکومت میں اہم  پُل پر حملہ 

حملہ 3 اکتوبر کی صبح ڈرونز کے ذریعے کیا گیا


ویب ڈیسک October 03, 2026

روس کے تازہ ترین حملے میں کیف کے دریائے دنیپرو پر واقع شمالی پل کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پل مکمل طور پر تباہ نہیں ہوا بلکہ اس کا سڑک والا حصہ اور بجلی کی تاریں متاثر ہوئی ہیں، جس کے باعث پل پر ٹریفک معطل کردی گئی۔

حملہ 3 اکتوبر کی صبح ڈرونز کے ذریعے کیا گیا۔ کیف کے میئر وٹالی کلیچکو کے مطابق شمالی پل پر براہِ راست حملہ ہوا اور ہنگامی ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔

حکام کے مطابق حملے میں سڑک کی سطح اور ٹرالی بس کا اوورہیڈ نیٹ ورک خراب ہوا۔

ابتدائی اطلاعات میں جانی نقصان کی اطلاع نہیں دی گئی۔ شمالی پل کیف کے مشرقی اور مغربی حصوں کو ملانے والے اہم راستوں میں شامل ہے، اس لیے اس کی بندش سے شہر کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔

یہ حملہ ایک ایسے سلسلے کا حصہ ہے جس میں یکم اور 2 اکتوبر کو کیف کے جنوبی پل سمیت دریائے دنیپرو کے دیگر پلوں کو بھی روسی ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں کے بعد شہر میں شدید ٹریفک جام اور آمدورفت میں خلل پیدا ہوا۔