رونالڈو کی پرتگال واپسی کا فیصلہ خود انہی کے ہاتھ میں ہے، کوچ

رونالڈو نے سوشل میڈیا پر کہا تھا کہ وہ مناسب وقت پر قومی ٹیم چھوڑنے کی وجوہات پرتگالی عوام کے سامنے بیان کریں گے


اسپورٹس ڈیسک October 05, 2026

پرتگال کے ہیڈ کوچ جارج جیسز نے واضح کیا ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو اگر چاہیں تو دوبارہ قومی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق 41 سالہ رونالڈو نے حال ہی میں نیشنز لیگ کے کیمپ سے علیحدگی اختیار کی تھی۔

وہ ناروے کے خلاف میچ میں متبادل کھلاڑی رہے جبکہ بعد میں انہیں بتایا گیا کہ ڈنمارک کے خلاف بھی وہ ابتدائی ٹیم میں شامل نہیں ہوں گے۔

اس کے بعد رونالڈو نے سوشل میڈیا پر کہا تھا کہ وہ مناسب وقت پر قومی ٹیم چھوڑنے کی وجوہات پرتگالی عوام کے سامنے بیان کریں گے۔

جیسز نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ رونالڈو قومی ٹیم میں اپنے سفر کا اختتام اپنی مرضی کے مطابق کریں۔ ان کے مطابق رونالڈو اب بھی ٹیم کے لیے اہم ہیں تاہم ان کی واپسی کا حتمی فیصلہ خود اسٹار فٹبالر ہی کریں گے۔

خیال رہے کہ جیسز سعودی کلب النصر میں بھی رونالڈو کے کوچ رہ چکے ہیں۔

رونالڈو نے پرتگال کی جانب سے 234 میچز کھیلے اور 146 گول کیے ہیں جو دونوں اپنی جگہ عالمی ریکارڈز ہیں۔

انہوں نے پرتگال کو یورو 2016 اور دو نیشنز لیگ ٹائٹلز جتوانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔