میر رضا کیس؛ تفیشی افسر کے بیان سے قبل سربراہ جوڈیشل کمیشن کا جائے وقوعہ کا دورہ

کمیشن کے سربراہ جسٹس عمر سیال، میر رضا کی فیملی، وکیل جبران ناصر اور پولیس افسران موجود تھے


ناصر بٹ October 05, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

میر رضا کی موت کی تحقیقات کے لیے قائم کر دہ جوڈیشل کمیشن کے سربراہ جسٹس عمر سیال نے تفیشی افسر کے بیان سے قبل جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔

عدالتی کمیشن کے سربراہ جسٹس عمر سیال نے میر رضا کی لاش ملنے کے مقام اور گیسٹ ہاؤس  کا دورہ کیا۔

کمیشن نے فوکل پرسن سندھ حکومت کو انتظامات کرنے جبکہ تفتیشی افسر ڈی ایس پی سراج لاشاری اور میر رضا کے اہلخانہ کو جائے وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایت کی تھی۔

جوڈیشل کمیشن کے مطابق جائے وقوعہ کا جائزہ کمیشن کی رپورٹ میں سفارشات مرتب کرنے میں اہم ثابت ہوگا، ڈی ایس پی سراج لاشاری اور سی پی ایل سی نمائندے کاشف کا بیان 7 اکتوبر کو ریکارڈ کیا جائے گا۔

کمیشن نے کیس میں مشکوک گاڑیوں کے حوالے سے صحافیوں سے 6 اکتوبر کو بریفنگ طلب کرلی۔

کمیشن کے مطابق کیس میں مشکوک گاڑیوں کے حوالے سے تحقیقاتی صحافیوں نے شاندار کام کیا ہے، پولیس نے اس نکتے پر بہت کم کام کیا ہے۔