پنجاب کا اپنی چھت، اپنا گھر منصوبہ دنیا کے 5 بہترین سستے رہائشی منصوبوں میں شامل

منصوبے کے تحت پنجاب بھر میں 2 لاکھ سے زائد گھر فراہم کیے جا رہے ہیں، سینیئر وزیر مریم اورنگزیب


ویب ڈیسک October 05, 2026

لاہور:

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت شروع کیے گئے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ منصوبے کو عالمی سطح پر پذیرائی مل گئی، انہوں نے یو این ہیبی ٹیٹ اسکرول آف آنر ایوارڈ وصول کر لیا۔

پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کو دنیا کے 5 بہترین سستے رہائشی منصوبوں میں شامل کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے ادارے یو این ہیبی ٹیٹ کے اسکرول آف آنر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

سینیئر وزیر کے مطابق منصوبے کے تحت پنجاب بھر میں 2 لاکھ سے زائد گھر فراہم کیے جا رہے ہیں، جس کا مقصد ہزاروں خاندانوں کو اپنے گھر کی سہولت فراہم کرکے انہیں تحفظ، سلامتی، وقار اور بہتر مستقبل دینا ہے۔

مسقط کے تاریخی کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں ورلڈ ہیبی ٹیٹ ڈے کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خصوصی طور پر بطور ریاستی مہمان مدعو کیا گیا تھا۔

یونائیٹڈ نیشنز ہیومن سیٹلمنٹ پروگرام کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اینا کلوڈیا روزباخ نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور دیگر شرکا کا خیرمقدم کیا، مریم نواز کو ایوارڈ پیش کیے جانے پر ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔

عالمی ایوارڈ ملنے پر پنجاب حکومت نے مؤقف اپنایا کہ یہ اعزاز صوبے کے عوام کا ہے اور یہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے خوشحال، بااختیار اور باوقار پنجاب کے وژن کا اعتراف ہے۔

یو این ہیبی ٹیٹ اسکرول آف آنر ایوارڈ دنیا بھر سے صرف 5 منتخب ممالک اور شخصیات کو دیا گیا، میانمار کے ہٹو وینگ، برازیل کے تھیاگو باؤرمین گبرٹ، تیونس کے عبدالمالک غانم اور لندن کے صادق خان بھی ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔