وین رونی کو انگلش فٹبال ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا

جیرارڈ کی جگہ سنبھالیں گے، ناروے کیخلاف دوستانہ میچ سے نئی ذمہ داری کا آغاز

جیرارڈ کی جگہ سنبھالیں گے، ناروے کیخلاف دوستانہ میچ سے نئی ذمہ داری کا آغاز۔ فوٹو : اے ایف پی

وین رونی کو انگلش فٹبال ٹیم کا کپتان مقررکردیا گیا، وہ ورلڈ کپ گروپ مرحلے میں ناکام اسٹیون جیرارڈ کی جگہ سنبھالیں گے۔

اسٹار فارورڈ کی نئی ذمہ داری کا آغاز ناروے کیخلاف دوستانہ میچ سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق مانچسٹر یونائیٹڈ کے اسٹرائیکر وین رونی کو اسٹیون جیرارڈ کی جگہ انگلینڈ کا کپتان بنا دیا گیا، یہ اعلان منیجر روئے ہڈجسن نے ویمبلے اسٹیڈیم پر ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا، 28 سالہ فارورڈ نے فروری 2003 میں آسٹریلیا کیخلاف ڈیبیو کے بعد سے 95 میچز میں حصہ لیا، وہ 40 گول اپنے نام کر چکے اور 2 ہفتے قبل مانچسٹر یونائیٹڈ کے کپتان بھی مقرر ہوئے ہیں، رونی لیورپول کے مڈفیلڈر اسٹیون جیرارڈ کی جگہ سنبھالیں گے جنھیں ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی گروپ مرحلے میں ناکامی پر عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔


رونی بطور کپتان کیریئر کا آغاز آئندہ ہفتے ناروے کیخلاف ہوم گراؤنڈ پر دوستانہ میچ سے کریں گے۔ ہڈجسن نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ رونی ایک واضح انتخاب اور حقیقتاً اس ذمہ داری کے حقدار ہیں، میں نے ان سے طویل بات چیت کی اور وہ انگلینڈ کی کپتانی کا بوجھ اٹھانے کیلیے تیار ہیں۔ فٹبال ایسوسی ایشن کی ویب سائٹ پر موجود بیان میں رونی نے کہا کہ انگلینڈ کا کپتان بننا ایک خواب تھا جو اب پورا ہورہا ہے۔

میں اس پر جتنا بھی فخر کروں کم ہے، بچپن میں ٹیلی ویژن پر ٹیم کے میچز دیکھنے کا بہت شوق تھا، میری خواہش تھی کہ اپنے ملک کیلیے کھیل سکوں، کپتان بننا میری توقعات سے بڑھ کر ہے، میں اس موقع پر روئے ہڈجسن اور کوچنگ اسٹاف کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنھوں نے یقین اور اعتماد کے ساتھ مجھے اس عہدے کیلیے چنا۔ ہڈجسن نے ناروے کیخلاف بدھ کو ہونے والے میچ اور 8 ستمبر کو باسل میں سوئٹزرلینڈ کیخلاف 2016 یورپیئن چیمپئن شپ کوالیفائر کیلیے انگلینڈ کی ٹیم کا اعلان بھی کر دیا ہے۔
Load Next Story