کراچی:
کراچی کے مختلف علاقوں میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے، احسن آباد میں پولیس افسر کی اہلیہ نے مبینہ طور پر پھندا لگا کر خودکشی کرلی جبکہ نیوکراچی میں نوجوان باربر کی گلا کٹی لاش گھر سے برآمد ہوئی۔ لیاری میں تیز دھار آلے کے وار سے زخمی شخص دوران علاج دم توڑ گیا۔
سائٹ سپر ہائی وے تھانے کی حدود احسن آباد سعید پلازہ میں گھر سے 36 سالہ شائستہ زوجہ علی اکبر کی پھندے سے لٹکی لاش ملی۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر قانونی کارروائی کے بعد لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی۔ بعد ازاں لاش کا پوسٹ مارٹم بھی کروایا گیا۔
متوفیہ کے شوہر سب انسپکٹر علی اکبر نے بتایا کہ شائستہ سے اس کی دوسری شادی تھی اور وہ ذہنی عارضے کا شکار تھی، جس کا علاج بھی جاری تھا۔ ان کے مطابق شائستہ ماضی میں نشے کی عادی بھی رہی تھی اور کچھ عرصہ قبل گھر سے چلی گئی تھی، جس کی گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کرائی گئی تھی، تاہم بعد میں واپس آگئی تھی۔
علی اکبر کے مطابق پیر کی صبح وہ ڈیوٹی پر چلے گئے تھے اور شام کو واپس آئے تو شائستہ گھر پر موجود تھی۔ رات تقریباً ڈھائی بجے بچے کے رونے کی آواز پر آنکھ کھلی تو شائستہ کی لاش پھندے سے لٹکی ہوئی ملی، جس پر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
دوسری جانب سہراب گوٹھ تھانے کی حدود نیوکراچی لاسی گوٹھ بسم اللہ چوک کے قریب گھر سے 21 سالہ حسنین ولد حسین بخش کی گلا کٹی لاش ملی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور شواہد جمع کرنے کے بعد لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کردی۔
ایس ایچ او سہراب گوٹھ کے مطابق حسنین غیر شادی شدہ تھا اور لاسی گوٹھ میں باربر کی دکان چلاتا تھا۔ مقتول کے والد نے پولیس کو بتایا کہ گھر کے تمام افراد رات کو کھانا کھانے کے بعد سو گئے تھے، صبح آنکھ کھلی تو حسنین کی خون میں لت پت لاش پڑی ہوئی تھی، جس پر 15 پر اطلاع دی گئی۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں نوجوان کو قتل کیے جانے کا شبہ ہے، تاہم مقتول کے اہلخانہ کی آمد کے بعد مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کی جائے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی کسی سے دشمنی یا لین دین کا تنازع سامنے نہیں آیا۔
ادھر لیاری کے علاقے بغدادی معصومیہ اسپتال کے قریب تیز دھار آلے کے وار سے زخمی ہونے والا 30 سالہ کامران ولد ابراہیم دوران علاج دم توڑ گیا۔ مقتول کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا۔
ریسکیو حکام کے مطابق کامران نشے کا عادی تھا جبکہ تاحال اس کے لواحقین سامنے نہیں آئے۔ قانونی کارروائی کے بعد لاش چھیپا سردخانے منتقل کردی گئی ہے، جبکہ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔