آرمی چیف کو کہہ دیا کہ نوازشریف کی موجودگی میں شفاف تحقیقات نہیں ہوسکتیں عمران خان

موجودہ حکومت اور وزرا موجود رہیں لیکن جب تک تحقیقات جاری رہیں نواز شریف وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہوں،چیرمین پی ٹی آئی

اب ہم اپنے مقصد کے بہت قریب آچکے ہیں۔، عمران خان، فوٹو:ایکسپریس نیوز

لاہور:
چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دھاندلی کی شفاف تحقیقات کا یقین دلایا ہے جبکہ ہم نے موقف واضح کردیا ہے کہ جب تک نوازشریف وزیراعظم ہیں کسی صورت تحقیقات آزاد اور منصفانہ نہیں ہوسکتی اور اگر نوازشریف نے استعفیٰ نہ دیا تو دھرنا جاری رہے گا۔

آرمی چیف سے ملاقات کے بعد دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے بتایا کہ حکومت نے انہیں اس معاملے میں ثالث بننے کا کہا جس کےبعد یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ حکومت یہ سمجھ چکی ہے کہ سیاسی طورپر اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے تمام آپشن ختم ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے دھاندلی کی شفاف تحقیقات کا یقین دلاتے ہوئے آزادانہ جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا بتایا لیکن ہم نے آرمی چیف کو بتادیا ہےکہ جب تک نوازشریف وزیراعظم ہیں کسی صورت شفاف تحقیقات نہیں ہوسکتی۔


عمران خان کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف کو اپنے خدشات سے آگاہ کردیا ہے جبکہ ان کے سامنے تجویز بھی رکھی ہےکہ موجودہ حکومت اور وزرا موجود رہیں لیکن جب تک تحقیقات جاری رہیں نواز شریف وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اب ہماری مذاکراتی ٹیم حکومت کےسامنے اپنے اس موقف کو پیش کرے گی جس کے بعد صورتحال کا اندازہ آج شام تک ہوجائے گا،اگر ہمارے مذاکرات ناکام ہوئے تو دھرنا جاری رہے گا اوراس تحریک کو ملک بھر میں پھیلائیں گے۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اگر ہمارا مطالبہ منظور ہوا تو آج شام آزادی کا جشن منائیں گے ورنہ بصورت دیگر اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا، ہم عوام کی وجہ سے یہاں تک پہنچے ہیں ورنہ حکومت ہم سے بات تک کرنے کو تیار نہ تھی، اب ہم اپنے مقصد کے بہت قریب آچکے ہیں۔
Load Next Story