امریکی وائٹ ہاؤس نے یونان میں امریکی سفیر کمبرلی گلفوئل سے مبینہ بدعنوانی اور اختیارات کے غلط استعمال سے متعلق الزامات سامنے آنے کے بعد استعفیٰ طلب کرلیا ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق کمبرلی گلفوئل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بڑے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کی سابق منگیتر بھی ہیں اور ان کے خلاف کرپشن کے معاملات سامنے آئے ہیں۔
ایک روز قبل امریکیصدر ٹرمپ نے بھی صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ وہ ان الزامات کے باعث کمبرلی گلفوئل سے خوش نہیں ہیں جس پر انتظامیہ ان کی برطرفی پر غور کر رہی ہے۔
آج وائٹ ہاؤس کی نئی ترجمان کیٹی زکریا نے اپنی پہلی پریس بریفنگ میں بتایا کہ کمبرلی گلفوئل سے استعفیٰ دینے کو کہا گیا ہے۔
خیال رہے کہ کمبرلی گلفوئل نے سینیٹ سے بطور سفیر منظوری ملنے سے چند روز قبل ٹرمپ کے حامی عطیہ دہندہ ایرک ڈیٹرز سے اپنے کریڈٹ کارڈ کے ایک لاکھ ڈالر کے بل کی ادائیگی کے لیے رقم مانگی تھی۔
ایرک ڈیٹرز کا دعویٰ ہے کہ کمبرلی گلفوئل نے اس کے بدلے مجھے ٹرمپ انتظامیہ کی اہم شخصیات تک رسائی دلانے کی پیشکش کی تھی۔
تاہم کمبرلی گلفوئل کے وکلا نے ان الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایرک ڈیٹرز ان کی سابقہ تقاریر اور مشاورتی خدمات کے واجبات ادا کرنے کے ذمہ دار تھے۔
کریڈٹ کارڈ کا بل جمع کروانے کے علاوہ کمبرلی گلفوئل پر یونانی تعمیراتی اور توانائی کمپنی کے مفادات کو فروغ دینے، ایک لابی کار کو سفارتی ملاقاتوں میں شامل کرنے اور مہنگے تحائف و سفری سہولتیں قبول کرنے سے متعلق الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے انسپکٹر جنرل کا دفتر کمبرلی گلفوئل معاملات کا جائزہ لے رہا ہے جس کے بعد ان پر مقدمے کا اندراج بھی کرایا جا سکتا ہے اور اس تحقیقات کے دوران ابتدائی طور پر ان سے استعفیٰ طلب کیا گیا ہے۔
کمبرلی گلفوئل کون ہیں؟
57 سالہ گلفوئل سابق پراسیکیوٹر، وکیل اور ٹیلی وژن میزبان ہیں۔ وہ امریکی نیوز چینل فاکس نیوز سے وابستہ رہیں اور ٹرمپ کی انتخابی مہم کے لیے فنڈ جمع کرنے میں بھی کردار ادا کیا۔
صدرٹرمپ نے انھیں یونان میں سفیر نامزد کیا تھا اور یہ عہدہ کمبرلی گلفوئل نے 2025 میں سینیٹ سے منظوری ملنے کے بعد سنبھالا۔
یاد رہے کہ کمبرلی گلفوئل کئی برس تک ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر سے تعلق میں رہی ہیں، دونوں کی منگنی بھی ہوئی جو بعد میں ختم ہوگئی تھی۔