اسلام آباد:
اسلام آباد کے علاقے بہارہ کہو میں شادی پر جانے والا خاندان لٹ گیا جبکہ سنبل کے علاقے میں اسسٹنٹ کمشنر کے گھر ڈکیتی کی واردات میں ملزمان قیمتی سامان لےگئے۔
چوری کی واردات کے دوران نامعلوم ملزمان گھر کے تالے توڑ کر 20 تولے سے زائد سونے کے زیورات، نقدی اور دیگر قیمتی سامان لے اڑے۔
متاثرہ خاندان کے مطابق ملزمان گھر سے 7 موبائل فون سمیت قیمتی اشیا بھی چوری کرکے فرار ہوگئے۔ چوری ہونے والے سامان کی مجموعی مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔
واقعے کا مقدمہ تھانہ بہارہ کہو میں درج کرلیا گیا ہے، تاہم تاحال ملزمان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج ہونے کے باوجود تفتیش میں پیش رفت اور ملزمان کی گرفتاری نہ ہونے کے باعث وہ پریشانی کا شکار ہیں۔
ایک اور واقعے میں تھانہ سنبل کے علاقے سیکٹر جی تیرہ میں کراچی میں تعینات اسسٹنٹ کمشنر کے گھر پانچ سے چھ ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر اہلخانہ کو یرغمال بناکر قیمتی سامان لوٹ لیا۔
ملزمان گھر سے دو سونے کے کڑے، دو انگوٹھیاں اور نقدی لیکر فرار ہوگئے، اطلاع پر پولیس ٹیم پہنچ گئی، گھر کی ملازمہ کو مشتبہ ہونے پر حراست میں لے لیا گیا جس سے تفتیش جاری ہے۔