امریکا؛ مندر میں گھس کر فائرنگ کی کوشش؛ عین موقع پر رائفل جام؛ حملہ آور گرفتار

ملزم سفید فام نسل کی برتری کے انتہا پسندانہ نظریات رکھتا ہے اور بالخصوص بھارتی نژاد افراد پر تشدد کا حامی ہے


ویب ڈیسک October 15, 2026
امریکا میں نوجوان کی ہندو مندر میں گھس کر فائرنگ کی کوشش، بندوق جام ہوگئی

امریکی ریاست الینوائے میں 19 سالہ نوجوان کو ہندو مندر میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کی مبینہ منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق الیگزینڈروس پاپوراکس نامی نوجوان شکاگو کے نواحی علاقے پالٹائن کا رہائشی اور فاسٹ فوڈ ریستوران میں ملازم تھا۔

پولیس نے 11 اکتوبر کو اس کے خلاف تحقیقات شروع کیں جب ایک شخص نے اس کی جانب سے موصول ہونے والے مشتبہ پیغامات اور مبینہ حملے کے منصوبے کی اطلاع دی۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم نے ایک تحریری دستاویز بھی شیئر کی تھی جس میں سفید فام نسل کی برتری کے انتہا پسندانہ نظریات اور جنوبی ایشیائی باشندوں، بالخصوص بھارتی نژاد افراد کے خلاف تشدد کا ذکر تھا۔

تفتیش کے دوران پولیس کو ملزم کے گھر سے رائفل، گولیاں، بھرے ہوئے میگزین، حفاظتی جیکٹ اور انتہا پسندانہ علامتوں والی اشیا برآمد ہوئیں۔

تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ ملزم 11 اکتوبر کو ارورا کے علاقے میں واقع کسی ہندو عبادت گاہ کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتا تھا۔

ہندو امریکی فاؤنڈیشن کے مطابق ملزم مندر پہنچ چکا تھا اور اس نے فائرنگ کی کوشش کی، تاہم اس کی رائفل جام ہوگئی۔ حکام نے تاحال ممکنہ ہدف کی حتمی شناخت کی تصدیق نہیں کی۔ 

ملزم پر دہشت گردی کی دھمکی دینے اور غیر قانونی طور پر مختصر بیرل والی رائفل رکھنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

عدالت نے ملزم کو حراست میں رکھنے کا حکم دیا ہے اور آئندہ سماعت 30 اکتوبر کو مقرر کی گئی ہے۔ پولیس اور وفاقی تحقیقاتی ادارہ مزید تحقیقات کررہے ہیں۔

واقعے کے بعد ارورا کے سری وینکٹیشورا سوامی مندر کی انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات بڑھانے کا اعلان کیا۔ حکام کے مطابق فی الحال عوام کے لیے کسی مسلسل خطرے کی نشاندہی نہیں ہوئی۔