ممبئی انڈینز سے متعلق بڑی خبر! اہم ٹیم ممبر سے راہیں جدا

تبدیلی کا معاملہ اگست میں 2026 کے سیزن کے جائزے کے دوران سامنے آیا تھا


ویب ڈیسک October 17, 2026

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2027 کی نیلامی سے قبل ممبئی انڈینز نے ہیڈ کوچ مہیلا جے وردھنے سے علیحدگی اختیار کر لی۔

آئی پی ایل کی فرنچائز ممبئی انڈینز اور ہیڈ کوچ مہیلا جے وردھنے نے 2027 کی نیلامی سے قبل اپنی راہیں جدا کر لی ہیں۔

سری لنکا کے سابق کپتان جے وردھنے گزشتہ دو سیزنز سے ممبئی انڈینز کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔ یہ فرنچائز کے ساتھ ان کی دوسری مدت تھی، اس سے قبل وہ 2017 سے 2022 تک بھی ٹیم کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں۔

ممبئی انڈینز کی جانب سے جاری بیان میں مہیلا جے وردھنے نے فرنچائز کے ساتھ اپنے طویل تعلق کو یادگار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ممبئی انڈینز گزشتہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے ان کے کرکٹ سفر کا اہم حصہ رہی ہے۔

انہوں نے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف، مداحوں اور ٹیم انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران کئی ناقابلِ فراموش لمحات گزرے اور مشترکہ کامیابیوں پر انہیں فخر ہے۔ جے وردھنے نے نیتا امبانی اور آکاش امبانی کا اعتماد، تعاون اور دوستی پر خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق کوچنگ اسٹاف میں تبدیلی کا معاملہ اگست میں 2026 کے سیزن کے جائزے کے دوران سامنے آیا تھا۔ اس موقع پر ٹیم کی قیادت کرنے والے کھلاڑیوں اور فرنچائز انتظامیہ نے اتفاق کیا کہ کوچنگ کے شعبے میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔

رپورٹ کے مطابق جے وردھنے بھی نئے اور نوجوان کوچز کو شامل کرنے کے حق میں تھے تاکہ ٹیم کو تازہ خیالات اور نئے نقطہ نظر سے فائدہ پہنچ سکے۔

تاہم، ممبئی انڈینز کی جانب سے تاحال نئے ہیڈ کوچ کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا۔