راولپنڈی:
سہ ملکی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے ہرا دیا۔ پاکستان کے 306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 268 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کی جانب سے پون رتھنائیکے نے 79 اور جنیتھ لیاناگے نے 60 رنز بنائے، جبکہ کوشل مینڈس 44 اور داسن شناکا 28 رنز بنا سکے۔ ان کی کوششیں ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہیں۔
اس سے قبل سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے سلمان علی آغا کی شاندار سنچری کی بدولت 305 رنز بنائے۔ سلمان آغا نے 107، بابراعظم نے 45، سعد بیگ نے 39 اور حسن نواز نے 37 رنز اسکور کیے۔ صائم ایوب 7، فخر زمان 16 اور عرفات منہاس 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا نے 4 جبکہ اسیتھا فرنینڈو نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ سلو اوور ریٹ کے باعث سری لنکا کو آخری دو اوورز میں باؤنڈری پر صرف چار فیلڈرز رکھنے کی پابندی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی نے میچ سے قبل کہا تھا کہ ٹیم اچھی تیاری کے ساتھ میدان میں اتری ہے اور وہ ٹاس جیتنے کی صورت میں بھی پہلے بیٹنگ کرتے۔ اس میچ میں سعد بیگ نے ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا۔