گھروں عمارتوں اور ہوٹلز کے باہر پانی جمع ہونے پر کارروائی کا فیصلہ

اسسٹنٹ کمشنرز اور مختارکار سمیت محکمہ صحت کے افسران کو ہیلتھ انسپکٹرز کے اختیارات دینے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا

سرکاری اور نجی اسپتال اور لیبارٹری مالکان ڈنگی کے مریضوں سے متعلق اطلاع اور مکمل معلومات فوری بھیجا کریں، ڈنگی پر یوینشن اینڈ کنٹرول پروگرام۔ فوٹو: فائل

صوبائی محکمہ صحت نے کراچی سمیت صوبے بھر میں ڈنگی وائرس پر قابو پانے، عوام میں آگہی فراہم کرنے کیلیے سندھ پر یوینشن اینڈ کنٹرول آف ڈنگی ٹیمپر یری ریگولیشنز 2013 پر عملدرآمد کے لیے اسٹنٹ کمشنرز اور مختارکار سمیت محکمہ صحت کے افسران کو یلتھ انسپکٹرز کے اختیارات دینے کانوٹی فکیشن جاری کردیا۔

ڈنگی پریوینشن اینڈ کنٹرول پروگرام سندھ نے ڈنگی پر قابو پانے کے لیے ضابطہ بھی جاری کر دیا،ڈنگی کے پھیلاؤکا باعث بننے کی صورت میں ہیلتھ انسپکٹرز نوٹس جاری کر کے متعلقہ گھر یا عمارت کے مکینوں، ہوٹلوں کے سامنے جمع ہونے والے پانی کے تدارک کا پابند کریں گے اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائیگی۔


تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے صوبے میں ڈینگی وائرس پرقابوپانے کے لیے 6 دسمبر2013 کو سندھ پروینشن اینڈکنٹرول آف ڈنگی ٹیمپریری ریگولیشنز 2013 جاری کیا تھا جس کے مطابق فوری طور پر صوبے بھرمیں ہیلتھ انسپکٹرز بھی مقررکیے جانے تھے تاہم محکمہ صحت نے 8 ماہ بعد کراچی کے اٹھارہ ٹاؤنز میں ہیلتھ انسپکٹرز تعیناتی کے احکام جاری کردیے گئے،ڈنگی پریوینشن اینڈکنٹرول پروگرام سندھ کی جانب سے جاری کی گئی معلومات کے مطابق سندھ بھرمیں ہیلتھ انسپکٹرز مقرر کردیے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جن افسران اور اہلکاروں کو ہیلتھ انسپکٹرز کے اختیارات دیے گئے ہیں ان میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، ای ڈی او ہیلتھ کراچی، ٹاؤن ہیلتھ آفیسرز، ڈسٹرکٹ آفیسر پریوینٹو یا اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ڈپٹی ٹاؤن ہیلتھ آفیسرز ایڈمن، ڈپٹی ٹاؤن ہیلتھ آفیسرز پریوینٹو، تعلقہ ہیلتھ آفیسرز، سرویلئنس آفیسرز، یونین کونسل میڈیکل آفیسرز، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز کے ایم سی، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز شرقی، غربی، وسطی، جنوبی، ملیر ، کورنگی،ایڈیشنل ڈائریکٹر ہیلتھ ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز شرقی، غربی، وسطی، جنوبی، ملیر، کورنگی، چیف سینیٹری انسپکٹرہیلتھ ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز، انسپکٹر ہیلتھ ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز، سب انسپکٹر ہیلتھ ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز، کراچی کی تمام بلدیات کے ملیریا سپروائزرز، محکمہ صحت سندھ کے ملیریاسپروائزرز، ٹرژری کیئر اسپتالوں کے سینیٹری انسپکٹرز، صوبے کے تمام مختیارکار، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور دیہی مراکز صحت کے تمام انچارجز شامل ہیں۔

دریں اثنا ڈنگی پریوینشن اینڈکنٹرول پروگرام سندھ نے صوبے کے تمام سرکاری اور نجی اسپتالوں اور لیبارٹریز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈنگی کے مریضوں سے متعلق معلومات فوری طور پر پروگرام کو بھیجیں پروگرام کے مطابق انہیں اسپتالوں اور لیبارٹریز سے معلومات کے حصول میں دوبارہ دشواری کا سامنا ہے، انھوں نے تمام سرکاری ونجی اسپتالوں اور لیبارٹریزکے سربراہان اور ذمے داران کو ہدایت کی ہے کہ جیسے ہی ڈنگی کا کوئی مریض ان کے پاس پہنچے یا تشخیص ہو ، فوری طور پر اس کی رپورٹ ایم اے جناح روڈ پر واقع سروسزاسپتال کے عقب میں قائم ڈنگی پر یوینشن اینڈ کنٹرول پروگرام کے دفتر بھیجیں۔
Load Next Story