پاکستان اور سری لنکا کے درمیان فیصلہ کن ون ڈے آج دمبولا میں کھیلا جائے گا

سعید اجمل ایک اچھے بولر ہیں، ان کی واپسی سے پاکستانی بولنگ مضبوط ہوگی، سری لنکن کپتان انجیلو میتھیوز

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ فوٹو: فائل

سیریز میں فتح کا عزم لیے پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں ہفتے کو میدان میں اتریں گی۔

تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل دمبولا میں شیڈول ہے، بیٹنگ کی ناکامی کا خوف ایک بار پھر گرین شرٹس کے اعصاب پر سوار ہوگیا، ناقص فیلڈنگ کے مسئلے پر بھی قابو پانا ضروری ہے، میزبان ٹیم فاسٹ بولرز کی ناقص کارکردگی پر تشویش میں مبتلا ہے، اوپنر تلکارتنے دلشان کی فارم بھی فکر مندی کا باعث بن چکی، مسائل کے باوجود کپتان انجیلو متیھوز پلیئنگ الیون میں تبدیلیوں کے حق میں نہیں، انھوں نے کہا کہ وقت گزرنے کیساتھ خشک ہونے والی پچ اسپنرز کیلیے سازگار ہوجاتی ہے۔

سعید اجمل کی واپسی سے مہمان ٹیم کی بولنگ مضبوط ہوگی۔ ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی، کولمبو سے اسی شہر منتقل کیے جانیوالے دوسرے مقابلے میں میزبان ٹیم نے فتح کے ساتھ سیریز 1-1 سے برابر کردی، تیسرے اور فیصلہ کن معرکے میں دونوں ٹیمیں آج دمبولا میں مقابل ہوں گی، نیا میدان سجنے پر گرین شرٹس کا حوصلہ بڑھانے کیلیے سعید اجمل بھی موجود ہوں گے۔

بولنگ ایکشن رپورٹ کیے جانے پر برسبین میں بائیو مکینک ٹیسٹ کے بعد واپس آنیوالے آف اسپنر ابتدائی دونوں میچز میں حصہ نہیں لے سکے تھے، آخری 10 اوورز اور پاور پلے میں کپتان مصباح الحق بھی ان کی کمی محسوس کرتے رہے، روشن امکان یہی ہے کہ انھیں میدان میں اتارنے کے لیے جنید خان یا محمد عرفان میں سے کسی ایک کو ڈراپ کردیا جائے گا۔ گذشتہ میچ میں میزبان ٹیم نے دونوں پیسرز کے اوورز میں دل کھول کر رنز بنائے تھے۔


دوسری جانب یونس خان کی وطن واپسی کے بعد دوسرے ایک روزہ میچ میں شرجیل خان کو بطور اوپنر آزمانے کا فیصلہ کیا گیا لیکن انھوں نے آسانی سے وکٹ گنوادی، احمد شہزاد اور محمد حفیظ نے ففٹیز بنائیں مگر پہلے میچ کے ہیرو صہیب مقصود کوئی کرشمہ نہ دکھا سکے، اہم موقع پر وکٹ گنوانے والے مصباح پریشانی کا شکار ہیں، بیٹنگ میں ناکامی کا خوف ایک بار پھر گرین شرٹس کے اعصاب پر سوار ہوگا، بولنگ میں سعید اجمل کی واپسی سے آخری اوورز کے کھیل میں بہتری بھی آگئی تو بیٹسمینوں کی کارکردگی میں تسلسل پر سوالیہ نشان موجود رہے گا۔

ناقص فیلڈنگ ہمیشہ سے گرین شرٹس کا مسئلہ رہی، بولرز کو حوصلہ شکنی سے بچانے کیلیے اس شعبے کی خامیوں پر بھی قابو پانا ہوگا، روایتی انداز میں کپتانی نے آئی لینڈرز کو سیریز میں واپسی کا موقع دیا، اس بار فتح کے لیے مینجمنٹ کو بھی بہتر گیم پلان کی تشکیل میں کردار ادا کرنا پڑے گا، اب تک دونوں بار پاکستان نے ہدف کا تعاقب کیا، موسم کی مداخلت کا کوئی خدشہ نہ ہونے کی وجہ سے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کو ترجیح دیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب آئی لینڈرز ہوم کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے فتح کیلیے پُرعزم ہیں، پیسرز لیستھ مالنگا اور نووان کولاسیکرا کی بے اثر بولنگ اور اوپنر دلشان کی ناقص فارم پر تشویش کے باوجود کپتان انجیلو میتھیوز کو امید ہے کہ ٹیم کسی بھی چیلنج کا سامنا کرتے ہوئے سرخرو ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ وکٹ خشک اور اسپنرز کیلیے سازگار ہوتی جاتی ہے، ان فارم مہیلا جے وردنے سمیت 7 بیٹسمین ٹیم میں شامل ہیں، ان میں سے چند ایک بھی رنز اسکور کرگئے تو اچھا مجموعہ تشکیل دینے میں کامیاب ہوں گے، انھوں نے کہا کہ پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ بھی اسی لیے کیا کہ جو کھلاڑی باصلاحیت ہونے کے باوجود اب تک پرفارم نہیں کرسکے انھیں ایک موقع اور مل سکے۔

انجیلو میتھیوز نے کہا کہ سعید اجمل ایک اچھے بولر ہیں، ان کی واپسی سے پاکستانی بولنگ مضبوط ہوگی لیکن ہم ان کا پہلے بھی سامنا کرچکے ہیں، آف اسپنر کو مثبت انداز میں کھیلتے ہوئے رنز بنانے کی کوشش کریں گے۔
Load Next Story