پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لیے پلیئرز کی ڈائریکٹ سائننگ اور آکشن کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی صدارت میں پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر، فرنچائزز کے نمائندوں اور دیگر آفیشلز نے شرکت کی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈائریکٹ سائننگ 23 اکتوبر اور 23 نومبر کے درمیان ہوگی۔

ہر فرنچائز ایک مارکی کھلاڑی ڈائریکٹ سائن کر سکتی ہے تاہم ڈائریکٹ سائننگ والے کھلاڑی کی پی ایس ایل کے گزشتہ دو سیزن نہ کھیلنے کی شرط رکھی گئی ہے۔
اگلے ہفتے پی ایس ایل کی کرکٹ ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے گا۔
پی ایس ایل کے بارہویں ایڈیشن کے پلیئرز آکشن کا انعقاد 23 جنوری 2027 کو ہوگا جبکہ ایونٹ 18 مارچ سے 2 مئی تک ملک کے پانچ سے چھ شہروں میں کھیلی جائے گا۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ گولڈ اور سلور کا انعقاد پی ایس ایل سے پہلے کیا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا سٹیج ہے۔ گیارہویں سیزن کا اختتام ریکارڈ کراؤڈ کے سامنے ہوا، اسی مومینٹم کو آگے لے کر چلیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم پی ایس ایل کو اس دفعہ زیادہ شہروں میں لے کر جائیں گے۔
سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ آج سے ہر فرنچائز کی پی ایس ایل 12 کے لیے بہترین اسکواڈ بنانے کی ریس شروع ہے۔