راولپنڈی:
راولپنڈی کے چکری روڈ پر ایک المناک ٹریفک حادثے نے ہنستے بستے خاندان کو اجاڑ دیا، واٹر ٹینکر نے موٹرسائیکل سوار میاں، بیوی اور ان کے 3 سالہ بیٹے کو کچل دیا، تینوں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں 32 سالہ افضال احمد، ان کی 27 سالہ اہلیہ حاجرہ افضال اور 3 سالہ بیٹا ریحان احمد شامل ہیں۔ ایک ہی خاندان کے تین افراد کی موت سے گھر کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں۔
حادثہ تھانہ چونترہ کی حدود میں پیش آیا۔ پولیس نے تینوں لاشیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیں، جبکہ ڈمپر ڈرائیور حادثے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔
افسوسناک حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، فوٹیج میں موٹر سائیکل کو واٹر ٹینکر کے ساتھ ٹکراتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، فوٹیج میں موٹر سائیکل پر سوار میاں بیوی اور بچے کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
فوٹیج میں واٹر ٹینکر کو تیز رفتاری کے ساتھ روڈ کراس کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، واٹر ٹینکر کے روڈ کراس کرتے وقت دوسری سمت سے آنے والی موٹر سائیکل ٹینکر کے نیچے کچلی گئی۔
حادثے میں 32 سالہ افضال احمد، ستائیس سالہ حاجرہ افضال اور انکا 4 سالہ بیٹا موقع پر جاں بحق ہوگئے، پولیس نے واٹر ٹینکر قبضے میں لیکر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔