منوج باجپائی نے بالی ووڈ پر تنقید کرتے ہوئے تلخ حقیقت بیان کردی

بالی ووڈ میں ایسے رویے دیکھنے میں آتے رہے ہیں جو اداکاروں کی صلاحیتوں کو محدود کردیتے ہیں، منوج واجپائی


ویب ڈیسک October 24, 2026
منوج باجپائی فلم گھوس خور پنڈت میں راشی پولیس افسر کا کردار ادا کریں گے

بالی ووڈ کے معروف اداکار منوج باجپائی نے فلمی صنعت میں فنکاروں کو محدود کرداروں تک رکھنے کے رجحان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈسٹری طویل عرصے سے باصلاحیت اداکاروں کے ساتھ ناانصافی کرتی آئی ہے۔ ان کے مطابق کئی فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرنے کے مواقع ہی نہیں ملتے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں نیشنل فلم ایوارڈ یافتہ اداکار نے فلم سازوں کے رویوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات اچھے اداکاروں کو ایک ہی طرح کے کرداروں میں محدود کردیا جاتا ہے، جس سے ان کی تخلیقی صلاحیتیں سامنے آنے کے بجائے ضائع ہوجاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرزِ عمل کے باعث کئی باصلاحیت فنکار مناسب مواقع اور عزت نہ ملنے کی وجہ سے فلمی دنیا میں اپنی شناخت قائم نہیں کرپاتے۔

منوج باجپائی نے اپنے کیریئر کا حوالہ دیتے ہوئے یہ اعتراف بھی کیا کہ ان کی اداکاری کی صلاحیتوں کا اب تک صرف 25 فیصد حصہ ہی استعمال ہوسکا ہے۔ ان کے بقول، یہ مسئلہ صرف چند فنکاروں تک محدود نہیں بلکہ بالی ووڈ میں ایک عرصے سے ایسے رویے دیکھنے میں آتے رہے ہیں جو اداکاروں کی صلاحیتوں کو محدود کردیتے ہیں۔

سینئر اداکار نے تاہم اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کو فلمی صنعت میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ قرار دیا۔ ان کے مطابق اب ناظرین کو معیاری اور متنوع مواد دیکھنے کے زیادہ مواقع میسر ہیں اور وہ اپنی پسند، ناپسند اور رائے کا اظہار بھی زیادہ کھل کر کرتے ہیں۔