کراچی میں 2 بچوں کی ماں کے قتل کا ڈراپ سین، دوست گرفتار

پولیس نے مقتولہ اور بچوں کے موبائل جبکہ آلہ قتل ملزم کے قبضے سے برآمد کرلیا، متوفیہ کا شوہر بیرون ملک میں ہے


منور خان October 24, 2026

کراچی کے علاقے لیاقت آباد پولیس نے سویرا نامی خاتون کے قتل کا معمہ 24 گھنٹوں میں حل کرتے ہوئے نامزد ملزم کو گرفتار کرکے آلہ قتل اور مقتول سمیت اس کے بچوں کے موبائل فونز بھی برآمد کرلیے۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات شب لیاقت آباد 6 نمبر چوڑی والی گلی میں رہائشی عمارت کے فلیٹ سے 30 سالہ سویرا کی گلا کٹی لاش برآمد ہوئی جس پر پولیس نے قتل کا مقدمہ مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا۔

درخواست گزار نے مقتولہ کے دوست مبین کو نامزد کیا تھا جو واردات کے بعد سے غائب تھا تاہم لیاقت آباد پولیس نے خفیہ ذرائع، ٹیکنیکل سپورٹ اور مخبروں کی مدد سے کامیاب چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم مبین کو گرفتار کرلیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم مبین نے تلخ کلامی کے دوران طیش میں آکر سویرا کو تیز دھار آلے کے وار سے قتل کیا تھا جبکہ مقتولہ 2 بچوں کی ماں اور اس کا شوہر دبئی میں ملازمت کرتا ہے۔

ملزم کے مطابق قتل کے بعد کپڑے تبدیل کیے اور خون آلود کپڑے لیکر موقع سے فرار ہوگیا تھا۔ بعد ازاں کپڑوں کو کچرا اٹھانے والی گاڑی میں پھینک دیے تاکہ شواہد چھپائے جا سکیں۔

پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے آلہ قتل اور مقتول سمیت اس کے بچوں کے موبائل فونز بھی برآْمد کرلیے ہیں اور اس حوالے سے مزید تفتش کا عمل جاری ہے۔