سانحہ ماڈل ٹاؤن پولیس نے گلو بٹ کو قصور وار ٹھہرا دیا

گلو بٹ کی وجہ سے ہی تما معاملات خراب ہوئے اور اس نے ہی گاڑیوں کے شیشے توڑے اورتوڑ پھوڑ کی، پولیس

چالان میں یہ بھی کہا گیا کہ گلو بٹ کی شناخت ٹی وی چینلز کے ذریعے سے ہوئی، پولیس۔ فوٹو: فائل

پولیس نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر اپنا چالان انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا جس میں گلو بٹ کو واقعے کا قصور وار ٹھرایا گیا ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مرکزی کردار گلو بٹ کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا اور واقعے کے حوالے سے 50 صفحات پر مشتمل چالان پیش عدالت میں پیش کیا جس میں گلو بٹ کو سانحے کا ذمہ دار ٹھراتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گلو بٹ کی وجہ سے ہی تما معاملات خراب ہوئے اور اس نے ہی گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی اور دیگر املاک کو نقصان بھی پہنچایا۔ چالان میں یہ بھی کہا گیا کہ گلو بٹ کی شناخت ٹی وی چینلز کے ذریعے سے ہوئی۔

واضح رہے کہ 17 جون کو ماڈل ٹاؤن میں تجاوزات کے خاتمے کے معاملے پر پولیس اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کے درمیان تصادم ہو گیا تھا جس میں عوامی تحریک کے 14 کارکن جان کی بازی ہار گئے تھے جب کہ میڈیا پر گلو بٹ کو گاڑیوں کے شیشے توڑتے ہوئے اور لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچاتے ہوئے دکھایا گیا تھا جس پر ان کی گرفتاری عمل میں آئی تھی۔
Load Next Story