کراچی:
عمان سے ایل پی جی کے دو بحری جہاز پاکستان پہنچنے کے بعد کراچی میں ایل پی جی کی بڑھتی قیمتیں رک گئیں تاہم ملک کے دیگر شہروں میں قیمتیں کم نہ ہو سکیں۔
کراچی میں خوردہ قیمت 50 روپے کلو تک کم ہوگئی جس کے بعد شہر بھر میں ایل پی جی 500 روپے کلو فروخت کی جا رہی ہے۔
گزشتہ ہفتے عمان اور بحرین سے 11500 ٹن ایل پی جی سمندری راستے سے درآمد کی گئی۔ ایرانی ایل پی جی تاحال مارکیٹ میں سپلائی نہیں ہو رہی تاہم بارڈر کھلنے اور تجارت بحال ہونے کی اطلاعات سے قیمتوں میں کمی آرہی ہے۔
دوسری جانب، لاہور سمیت پنجاب بھر میں ایل پی جی 550 سے 575 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔
ترجمان ایل پی جی ڈسٹریبیوٹر کے مطابق ایل پی جی ڈسٹریبیوٹر ایسوسی ایشن پنجاب کے چئیرمین میاں اجمل کی ضمانت ہوگئی۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل میاں اجمل کو پیرا فورس نے پکڑ لیا تھا اور مقدمہ درج کروایا تھا۔
دکاندار کا موقف ہے کہ ایل پی جی سستی ملے گی تو سستی فروخت کریں گے، پیرا فورس کے اہلکار آتے ہیں اور زبردستی ہمارا گیس پمپس اٹھا کر لے جاتے ہیں اور ہڑتال بھی اسی وجہ سے کی تھی۔
دکانداروں کا کہنا تھا کہ پلانٹ والوں کو کوئی نہیں پکڑ رہا وار ایل پی جی مافیا پر کوئی قانون لاگو نہیں ہوتا۔
کوئٹہ میں بھی 30 روپے کی کمی کے بعد قیمت 520 روپے فی کلو ہوگئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عمان سے ایل پی جی کے دو بحری جہاز پاکستانی بندرگاہوں پر لنگرانداز ہوئے تھے جس کے بعد قیمتوں میں کمی کے توقع کی جا رہی ہے۔