برازیل کے شہر ساؤ پالو میں ڈرائیور کے بغیر چلنے والی مونوریل ٹرین پٹری پر گری ہوئی تعمیراتی کرین سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ملبے کے ٹکڑے نیچے مصروف سڑک پر جا گرے۔
حادثے میں کرین آپریٹر زخمی ہوگیا، تاہم ٹرین میں سوار تمام مسافر محفوظ رہے۔
حادثہ ساؤ پالو کے مشرقی علاقے ویلا پرودینتے میں پیش آیا۔ ٹرین لائن 15 سلور پر ایونیو پروفیسر لوئز اگناسیو دے آنھایا میلو کے قریب سفر کر رہی تھی کہ اس کا سامنا پٹری کے نزدیک گری ہوئی تعمیراتی کرین سے ہوا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹرین کرین سے ٹکراتی ہے تو ملبے کے ٹکڑے بلند ریلوے ٹریک سے نیچے سڑک پر جا گرتے ہیں۔ اس وقت شاہراہ پر گاڑیاں چل رہی تھیں، تاہم ملبہ سڑک کے خالی حصے میں گرا اور گاڑیاں بڑی تباہی سے بال بال بچ گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرین خودکار نظام کے تحت چل رہی تھی اور اس میں کوئی ڈرائیور موجود نہیں تھا۔ بتایا گیا ہے کہ پٹری پر رکاوٹ سامنے آنے کے بعد ٹرین بروقت بریک نہیں لگا سکی اور کرین سے جا ٹکرائی۔
حادثے میں کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی اور ٹرین میں موجود تمام مسافر محفوظ رہے۔ کرین آپریٹر زخمی ہوا، جسے امدادی اہلکاروں نے ریسکیو کرکے طبی امداد فراہم کی۔ تاہم اس کی حالت کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ تعمیراتی کرین کس وجہ سے پٹری پر گری تھی۔ حکام کی جانب سے بھی حادثے کی وجہ اور ذمہ داری کے تعین کے حوالے سے باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔