کراچی میں ٹریفک حادثات میں نوعمر لڑکی سمیت دو خواتین جاں بحق، دیگر واقعات میں 5 زخمی

ھینس کالونی میں ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار بھائی اور بہنوں کو روند ڈالا، بہن اور بھائی معجزانہ طور پر محفوظ رہے


منور خان October 27, 2026

شہر قائد میں ٹریفک حادثات میں نوعمر لڑکی سمیت دو خواتین جاں بحق ہوگئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بھینس کالونی میں ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار بھائی اور بہنوں کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں نوعمر بہن جاں بحق ہوگئی جبکہ بھائی اور دوسری بہن معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔

حادثے کے بعد مشتعل افراد نے پتھراؤ کر کے ڈمپر کا اگلا شیشہ توڑ دیا۔

ایدھی رضا کار کے مطابق موٹر سائیکل کو ٹکر کے واقعے میں متوفیہ کا بھائی ، بہن اور کزن بھی زخمی ہوا ہے جو کچھ خریداری کے لیے بازار کی جانب جا رہے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے۔  حادثے کا شکار موٹر سائیکل سوار بھینس کالونی روڈ نمبر 8 کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔

اہل خانہ نے جناح اسپتال میں بتایا کہ حادثے کے وقت متوفیہ بچی سمیت کل 4 بہن بھائی موٹر سائیکل پر سوار تھے ، حادثے میں 14 سالہ عددت جاں بحق ہوئی ہے۔

موٹر سائیکل متوفیہ کا کم عمر بھائی بینس چلا رہا تھا جبکہ موٹر سائیکل  پر 10 سالہ ایبنر اور9 سالہ کیلسٹا بھی سوار تھی حادثے میں متوفیہ عددت کے کا بھائی اور 2 بہنیں زخمی ہوئی ہیں جو کہ ایک ہی موٹر سائیکل پر ٹیوشن سے واپس گھر آرہے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے ۔

طارق روڈ پر ٹریفک حادثے میں شدید زخمی خاتون دوران علاج زندگی کی بازی ہار گئی جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے دوران راہگیر سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

مین کورنگی روڈ پر واٹر ٹینکر کی ٹکر سے راہ گیر شدید زخمی ہوگیا جبکہ ٹرک الٹنے اور ٹیکسی فٹ پاتھ سے ٹکرانے کے باعث 5 افراد زخمی ہوئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق بھینس کالونی روڈ نمبر 6 کے قریب ڈمپر نے موٹر سائیکل کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں نوعمر لڑکی جاں بحق ہوگئی جس کی شناخت 11 سالہ ایمان کے نام سے کی گئی۔

حادثے کے بعد موقع پر موجود مشتعل افراد نے پتھراؤ کر کے ڈمپر کا ونڈ اسکرین توڑ دیا جبکہ سکھن پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا اور متوفیہ کی لاش ایدھی کے رضا کاروں کی مدد سے جناح اسپتال منتقل کی۔

ایس ایچ او سکھن عرفان علی نے بتایا کہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تاہم پولیس نے ڈمپر قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق موٹر سائیکل سوار نوجوان کے ہمراہ اس کی 2 بہنیں سوار تھیں جبکہ حادثہ ڈمپر کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے پیش آیا ہے جس میں ایک بہن جاں بحق ہوگئی جبکہ بھائی اور بہن معجزانہ طور پر محفوظ رہی تاہم پولیس حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اُدھر طارق روڈ کے قریب ٹریفک حادثے میں خاتون شدید زخمی ہوگئی جسے تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا تاہم زخمی خاتون دوران علاج دم توڑ گئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق متوفیہ راہگیر تھی جبکہ حادثہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے ، فوری طور پر متوفیہ کی شناخت نہیں ہوسکی جس کی عمر 55 سال بتائی جاتی ہے تاہم پولیس حادثے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

اس کے علاوہ مین کورنگی روڈ اختر کالونی سگنل کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جسے چھیپا کے رضا کاروں نے تشویشناک حالت میں جناح اسپتال پہنچایا جہاں اس کی شناخت 50 سالہ الانہ کے نام سے کی گئی۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے حادثہ واٹر ٹینکر کی ٹکر سے پیش آیا ہے جبکہ مضروب راہگیر ہے جسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ڈیفنس پولیس نے واٹر ٹینکر کو اپنے قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ، بلدیہ ناردرن بائی پاس بائیکو پمپ کے قریب تیز رفتار ٹرک ڈرائیور سے بے قابو ہو کر سڑک سے ملحقہ کچے حصے میں گر کر الٹ گیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور چھیپا کے رضا کار موقع پر پہنچ گئے اور 3 زخمی افراد کی طبی امداد کے لیے سول اسپتال پہنچایا ، چھیپا حکام کے مطابق زخمیوں کی شناخت 30 سالہ حیدر ، 25 سالہ فیصل اور 35 سالہ لاریب کے نام سے کی گئی۔

اس کے علاوہ گلبائی شیرشاہ پل کے اوپر ٹریفک حادثے کے دوران ٹیکسی میں سوار 2 افراد زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لیجایا گیا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ ٹیکسی فٹ پاتھ سے ٹکرانے کے باعث پیش آیا ہے جبکہ زخمیوں کی شناخت 45 سالہ اورنگزیب اور 40 سالہ ایاز کے نام سے کی گئی۔