ایمباپے کا ماؤ زے تنگ سے متعلق متنازع بیان، چین میں لالیگا کی نشریات معطل

یہ فیصلہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں فرانسیسی اسٹار کے تبصروں کے بعد سامنے آیا ہے


اسپورٹس ڈیسک October 28, 2026

ریال میڈرڈ کے فرانسیسی فٹبالر کائیلیان ایمباپے کے چینی رہنما ماؤ زے تنگ سے متعلق متنازع بیان کے بعد چین میں لالیگا کی نشریات معطل کردی گئی۔

ہسپانوی نیوز ایجنسی کے مطابق چین کے سرکاری نشریاتی ادارے چائنا میڈیا گروپ (سی ایم جی) نے لا لیگا کے میچز نشر نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

چین کے سرکاری ٹیلی ویژن نیٹ ورک سی سی ٹی وی کی نگرانی کرنے والے ادارے سی ایم جی نے منگل کے روز جاری بیان میں کہا کہ اسپینش فٹبال لیگ لا لیگا کے میچز کی نشریات معطل کر دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ایمباپے سے متعلق اشتہارات بھی نشر نہیں کیے جائیں گے۔

یہ فیصلہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں فرانسیسی اسٹار کے تبصروں کے بعد سامنے آیا ہے جن میں چین کے سابق رہنما ماؤ زے تنگ کا ذکر کیا گیا تھا۔

چینی نشریاتی ادارے کے اس اقدام سے ملک میں ہسپانوی فٹبال لیگ کے شائقین کو میچز دیکھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ نشریات کی معطلی کتنے عرصے تک برقرار رہے گی۔

ماہرین کا اندازہ ہے کہ چین میں نشریات معطل ہونے سے لالیگا کو 2030 تک 400 ملین یورو کا نقصان ہو سکتا ہے۔