جنگ ختم کرنے کا نیا فارمولہ سامنے آگیا، قطر نے ایران کو نئے مجوزہ معاہدے کا مسودہ پیش کردیا

قطر کی جانب سے نئی تجویز ایسے وقت میں پیش کی گئی ہے جب جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں


ویب ڈیسک October 28, 2026

قطر کے ثالثوں نے امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ ختم کرنے کے لیے تہران کو ایک نئے مجوزہ معاہدے کا مسودہ پیش کردیا ہے۔

مذاکرات سے باخبر ایک عہدیدار کے مطابق ایران اس تجویز کا جائزہ لے رہا ہے اور توقع ہے کہ وہ رواں ہفتے کے اختتام تک اپنا جواب دے دے گا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق قطری ثالثوں نے اتوار کو ایران کے سامنے نئی تجویز رکھی۔ تاہم، مجوزہ معاہدے کی شرائط اور اس میں شامل نکات کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

مذاکرات سے باخبر عہدیدار نے بتایا کہ تہران میں اتوار کو ہونے والی ملاقات سے پہلے یہ خدشات بھی موجود تھے کہ اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو اسی ہفتے ایران پر حملے دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔

قطر کی جانب سے نئی تجویز ایسے وقت میں پیش کی گئی ہے جب جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ تاہم، ابھی یہ واضح نہیں کہ ایران اس مسودے کو قبول کرے گا یا اس میں تبدیلیوں کا مطالبہ کرے گا۔