ایرانی فلمساز جعفر پناہی کو پانچ سال سے زائد قید، اثاثے ضبط کرنے کا حکم

وکیل کے مطابق جعفر پناہی کے خلاف اس وقت تین مقدمات زیرِ سماعت ہیں


ویب ڈیسک October 28, 2026

ایران کی ایک انقلابی عدالت نے معروف فلمساز جعفر پناہی کو پانچ سال اور ایک ماہ قید کی سزا سنادی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے ان کے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثے ضبط کرنے کے علاوہ دو سال کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال اور بیرونِ ملک سفر پر پابندی بھی عائد کردی ہے۔

تہران کی انقلابی عدالت نے یہ فیصلہ جعفر پناہی کی غیر موجودگی میں سنایا۔ ان کے وکیل مصطفیٰ نیلی کے مطابق انہیں مقدمے کی سماعت کی تاریخ سے آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔ وکیل کو فیصلے کا علم اس وقت ہوا جب گزشتہ ہفتے ان کے موکل کے بینک اکاؤنٹس منجمد کیے گئے۔

مصطفیٰ نیلی نے بتایا کہ مقدمے کی فائل میں جعفر پناہی کو ایران سے باہر موجود ظاہر کیا گیا، حالانکہ وہ 30 مارچ 2026 کو ملک واپس آچکے تھے۔ ان کے بقول یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ تازہ مقدمے میں فلمساز پر کن الزامات کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔

جعفر پناہی کو اس سے قبل دسمبر 2025 میں بھی ایرانی نظام کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کے الزام میں ایک سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ جون 2026 میں عدالت نے ان کی سزا پر نظرِ ثانی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے فیصلہ برقرار رکھا تھا۔

وکیل کے مطابق جعفر پناہی کے خلاف اس وقت تین مقدمات زیرِ سماعت ہیں۔ تازہ سزا پر عمل درآمد کب شروع ہوگا، اس بارے میں فی الحال کوئی واضح اعلان سامنے نہیں آیا۔