واٹس ایپ کی کور فوٹو سے متعلق فیچر متعارف کرانے کی تیاری!

اس فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ کور فوٹو لگانے سے صارف کی موجودہ پروفائل پکچر تبدیل نہیں ہوگی


ویب ڈیسک November 02, 2026

انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا اور دلچسپ فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر لی ہے، جس کے تحت اب عام صارفین بھی اپنے ذاتی پروفائل پر کور فوٹو لگا سکیں گے۔ اس سے قبل یہ سہولت صرف واٹس ایپ بزنس اکاؤنٹس تک محدود تھی۔

نئے فیچر کے ذریعے صارفین اپنے پروفائل کے اوپری حصے میں بڑی لینڈ اسکیپ تصویر لگا سکیں گے۔ یہ تصویر نہ صرف پروفائل بلکہ ایپ کی سیٹنگز اور چیٹ انفارمیشن اسکرین پر بھی دکھائی دے گی، جہاں کوئی دوسرا صارف آپ کی چیٹ کھولے گا۔

اس فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ کور فوٹو لگانے سے صارف کی موجودہ پروفائل پکچر تبدیل نہیں ہوگی بلکہ دونوں تصاویر الگ الگ نظر آئیں گی۔

کور فوٹو لگانے کے لیے صارفین کو اپنا واٹس ایپ پروفائل کھول کر ’ایڈٹ‘ کے بٹن پر کلک کرنا ہوگا جہاں انہیں تین آپشنز فراہم کیے جائیں گے۔ صارفین موبائل کیمرے سے نئی تصویر بنا سکیں گے، فون کی گیلری سے اپنی پسند کی تصویر منتخب کر سکیں گے یا میٹا اے آئی  کی مدد سے نئی تصویر تیار کر سکیں گے۔

واٹس ایپ منتخب کردہ تصویر کو خودکار طریقے سے کور فوٹو کے لیے مختص جگہ کے مطابق ایڈجسٹ بھی کرے گا۔

اس نئے فیچر کی آمد سے صارفین کو اپنے واٹس ایپ پروفائل کو مزید خوبصورت اور منفرد بنانے کا موقع ملے گا۔