انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2027 کی نیلامی سے قبل فرنچائزز کو کھلاڑیوں کی ریٹینشن اور ریلیز کی حتمی فہرست جمع کرانے کے لیے مزید دو دن کی مہلت دے دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اب تمام ٹیمیں 15 نومبر کے بجائے 17 نومبر تک اپنے برقرار رکھے گئے اور ریلیز کیے جانے والے کھلاڑیوں کی فہرست جمع کرا سکیں گی جبکہ آئی پی ایل 2027 کی ایک روزہ مِنی نیلامی 16 دسمبر کو بھارتی شہر گوا میں منعقد ہوگی۔
آئی پی ایل انتظامیہ کے مطابق کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل 23 نومبر کو بند ہو جائے گا جبکہ فرنچائزز 27 نومبر تک مزید کھلاڑیوں کو نیلامی کے لیے شامل کرنے کی درخواست دے سکیں گی۔ نیلامی میں شامل کھلاڑیوں کی حتمی فہرست اور مختلف سیٹس کی ترتیب 3 دسمبر کو ٹیموں کے حوالے کی جائے گی۔
دوسری جانب نیلامی سے قبل کھلاڑیوں کے تبادلوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اب تک دو اہم ٹریڈز مکمل ہو چکی ہیں، جن میں دہلی کیپیٹلز نے لکھنؤ سپر جائنٹس سے اپنے سابق کپتان رشبھ پنت کو دوبارہ ٹیم میں شامل کر لیا ہے جبکہ کلدیپ یادیو لکھنؤ سپر جائنٹس کا حصہ بن گئے ہیں۔
ایک اور تبادلے میں دہلی کیپیٹلز نے فاسٹ بولر ٹی نٹراجن کو سن رائزرز حیدرآباد کے حوالے کر دیا ہے، جس کے بدلے لیگ اسپنر ذیشان انصاری کو حاصل کیا ہے۔