بھارتی فلم ساز اور اداکار انوراگ کشیپ کے خلاف ایک عدالت نے قابلِ ضمانت وارنٹ جاری کردیے ہیں۔ کشیپ گزشتہ سال سوشل میڈیا پر برہمن برادری سے متعلق متنازع بیان کے حوالے سے دائر مقدمے میں عدالت کے طلب کرنے کے باوجود پیش نہیں ہوئے تھے۔
54 سالہ انوراگ کشیپ ’گینگس آف واسے پور‘ اور ’بلیک فرائیڈے‘ جیسی تنقیدی طور پر سراہی جانے والی فلموں کے ہدایت کار ہیں۔ عدالتی حکم کے مطابق انہیں اخبار کے ذریعے سمن بھی بھیجا گیا، تاہم وہ پیشی پر حاضر نہ ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق مئی میں عدالت نے بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد سے وابستہ وکیل کی درخواست پر کشیپ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی تھی۔ کیس میں بھارتی قانون کی دفعات 192، 352 اور 352(2) کا حوالہ دیا گیا، جن کا تعلق مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کو ہوا دینے، امن خراب کرنے کے ارادے سے توہین اور مبینہ طور پر جھوٹی افواہیں پھیلانے سے ہے۔
درخواست گزار نے انوراگ کشیپ کے 16 اپریل 2025 کے سوشل میڈیا پیغام کو بنیاد بنایا تھا، جسے ان کے مطابق پوری برہمن برادری کی دل آزاری کا سبب قرار دیا گیا۔ قابلِ ضمانت وارنٹ کی صورت میں ملزم عدالت کی مقرر کردہ ضمانتی رقم یا مچلکے جمع کرا کے رہائی حاصل کرسکتا ہے۔