غزہ میں زخمی فلسطینیوں کا علاج کرنے والے مصری نژاد امریکی ڈاکٹر آدم حموی نے امریکی انتخابات میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایوانِ نمائندگان کی نشست جیت لی ہے۔
وہ نیو جرسی سے کانگریس میں پہنچنے والے پہلے مسلمان اور پہلے مصری نژاد رکن ہوں گے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ڈیموکریٹ امیدوار آدم حموی نے ری پبلکن حریف گریگ میل کو شکست دی۔
نومنتخب رکنِ کانگریس صحت کی سہولتوں تک عوام کی رسائی بہتر بنانے اور سستے گھروں کی فراہمی کے حامی ہیں۔ انہوں نے غیر قانونی تارکینِ وطن کو شہریت دینے کی حمایت بھی کی ہے۔
آدم حموی اسرائیل کو امریکی فوجی امداد بند کرنے کا مطالبہ کرچکے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ امریکی وسائل کو بیرونِ ملک فوجی امداد کے بجائے عوامی ضروریات پر خرچ کیا جانا چاہیے۔
ڈاکٹر آدم حموی 2024 اور 2025 میں غزہ کا دورہ کرکے زخمی فلسطینیوں کا علاج کرچکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ امریکی فوج میں سرجن کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور عراق جنگ میں بھی حصہ لیا تھا۔
ان کی کامیابی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹ امیدواروں نے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور کانگریس میں پارٹی کی نمائندگی میں اضافہ ہوا ہے۔