ایران جنگ میں کمی یا خاتمے کی امید، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید گر گئیں

جنگ کے مستقبل سے متعلق پیش رفت پر عالمی توانائی منڈی کی نظریں برقرار ہیں


ویب ڈیسک November 05, 2026

لندن: ایران کے ساتھ جاری جنگ میں شدت کم ہونے یا ممکنہ خاتمے کی توقعات کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

جمعرات کو ایشیائی تجارت کے دوران برینٹ خام تیل اور امریکی خام تیل دونوں کی قیمتیں نیچے آگئیں، جبکہ قیمتیں گزشتہ دو ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 0.9 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد یہ 93.74 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔ اسی طرح امریکی خام تیل کی قیمت تقریباً 1.5 فیصد گر کر 86.83 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

اس سے ایک روز قبل بدھ کو بھی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں آٹھ فیصد سے زیادہ کمی دیکھی گئی تھی۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اس موقع پر کہا تھا کہ ایندھن کی قیمتوں پر جنگ کے اثرات ری پبلکن پارٹی کی انتخابی شکستوں کی ایک وجہ بنے۔

عالمی منڈی میں حالیہ کمی کی ایک بڑی وجہ ایران جنگ میں کشیدگی کم ہونے اور ممکنہ طور پر تنازع ختم ہونے کی توقعات کو قرار دیا جا رہا ہے۔ جنگ کے مستقبل سے متعلق پیش رفت پر عالمی توانائی منڈی کی نظریں برقرار ہیں۔