سائبر فراڈ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر واٹس ایپ نے نامعلوم نمبروں سے آنے والی کالز کے بارے میں مزید معلومات فراہم کرنے کی سہولت متعارف کرائی ہے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین کے لیے یہ جاننا آسان ہوگا کہ انہیں کس ملک سے کال کی جا رہی ہے اور آیا کال کرنے والا کسی مشترکہ واٹس ایپ گروپ کا رکن ہے یا نہیں۔
نئے فیچر کے تحت اگر کسی ایسے نمبر سے واٹس ایپ کال موصول ہو جو صارف کی کانٹیکٹ لسٹ میں محفوظ نہ ہو تو کال اسکرین پر نمبر کے ساتھ متعلقہ ملک کا نام بھی ظاہر ہوگا۔ اس کے علاوہ صارف کو یہ معلومات بھی مل سکیں گی کہ کال کرنے والا کسی مشترکہ واٹس ایپ گروپ میں شامل ہے یا نہیں۔
یہ معلومات ملنے کے بعد صارف اپنی صوابدید کے مطابق کال وصول کرسکے گا، نمبر بلاک کرسکے گا یا اسے متعلقہ حکام کے پاس رپورٹ کرسکے گا۔ واٹس ایپ کا یہ اقدام نامعلوم نمبروں سے آنے والی مشکوک کالز کی شناخت اور ممکنہ دھوکا دہی سے بچاؤ میں مدد دینے کے لیے کیا گیا ہے۔