انڈر 19 ایشیا کپ: دفاعی چیمپئن پاکستان کا یو اے ای کو شکست دے کر فاتحانہ آغاز

ہدف کے تعاقب میں عثمان خان اور جہانگیر بلال نے 153 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی


اسپورٹس ڈیسک November 06, 2026

انڈر 19 ایشیا کپ میں دفاعی چیمپئن پاکستان نے یو اے ای کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کردیا۔

مسقط کے الامیرات کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے تیسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر یو اے ای کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

یو اے ای کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 224 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ نوراللہ ایوبی 70 اور یائن کرن رائے 47 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد صیام نے 3، علی رضا، رضوان اللہ اور حسنین عباس ڈار نے 2، 2 جبکہ نقاب شفیق نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں عثمان خان اور جہانگیر بلال نے 153 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی۔ جہانگیر بلال 60 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

عثمان خان نے 139 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ عبدالقادر 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان ٹیم ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف اتوار کو کھیلے گی۔