لاہور:
اسلام پورہ پولیس نے کم عمر لڑکے سے بدفعلی کے الزام میں ملزم کو گرفتار کرلیا، جبکہ کاہنہ پولیس نے رقم کے تنازع پر خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے والے 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق اسلام پورہ میں ملزم ندیم کم عمر لڑکے کو ورغلا کر اپنے گھر لے گیا، جہاں اس نے مبینہ طور پر بچے کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور ڈرا دھمکا کر گھر بھیج دیا۔
اطلاع ملنے پر اسلام پورہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم ندیم کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کے مطابق بچوں پر تشدد اور جنسی استحصال کی شکایات پر فوری کارروائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب کاہنہ میں رقم کا تقاضا کرنے پر خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے والے 2 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ملزم عقیل نے اپنے ماموں مزمل کے ساتھ مل کر خاتون خدیجہ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ خاتون اپنے قرض کی رقم واپس لینے کے لیے عقیل کے گھر گئی تھی۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق متاثرہ خاتون اور ملزم ایک نجی کمپنی میں ساتھ کام کرتے تھے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کا کہنا ہے کہ خواتین کا استحصال کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔