بہاولپور: کالج پرنسپل نے فرسٹ ایئر کی طالبہ کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا دیا

نوجوان لڑکی کالج گیٹ پر گھر جانے کے لیے انتظار کر رہی تھی کہ پرنسپل نے دفتر میں لے جا کر مبینہ زیادتی کی


ویب ڈیسک November 09, 2026

پنجاب کے شہر بہاولپور میں نجی کالج کے پرنسپل کے خلاف فرسٹ ایئر کی طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق بہاولپور میں مسافر خانہ پولیس نے موضع خانپور مرچاں میں نجی کالج کے پرنسپل کے خلاف فرسٹ ایئر کی طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی کا مقدمہ درج کیا جب کہ  مقدمے میں تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

17 سالہ متاثرہ طالبہ کے والد کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق 3 نومبر کو بچی کالج گیٹ پر گھر جانے کے لیے انتظار کر رہی تھی کہ پرنسپل اسے اپنے دفتر لے گیا اور مبینہ طور پر اس کے ساتھ زیادتی کی۔

والد کا کہنا ہے کہ جب ان کی بیٹی گھر پہنچی تو اس نے واقعے سے متعلق بتایا، انہوں نے مزید بتایا کہ برادری نے انہیں پولیس میں شکایت درج کرانے سے روکا لیکن اس کے باوجود انہوں نے مقدمہ درج کروا دیا۔

رابطہ کرنے پر مسافر خانہ پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے، متاثرہ طالبہ کے والدین نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیس کو فوری کارروائی کرنے اور ملزم کو گرفتار کرنے کی ہدایت جاری کریں۔