راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 434 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔
کھانے کے وقفے کے فوری بعد سعود شکیل 93 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ عرفات منہاس (52)نے ڈیبیو میچ پر نصف سنچری کرکے اسکور کو 400 کے پار لگایا۔
رضا اللہ 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو کپتان بابر اعظم نے اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا۔
سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنانڈو اور دلشان مدوشنکا 3، 3 وکٹیں حاصل کرکے نمایاں رہے۔
اس سے قبل دوسرے روز کھیل کے آغاز پر سعود شکیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور نوجوان بیٹر غازی غوری کے ساتھ 96 رنز کی شراکت قائم کی۔
غازی غوری دو رنز کے فرق سے اپنی پہلی ٹیسٹ نصف سنچری سے محروم رہے اور 349 کے مجموعی اسکور پر 48 رنز بنا کر چلتے بنے۔
پاکستان نے دوسرے روز کھانے کے وقفے تک 6 وکٹوں کے نقصان پر 390 رنز بنا لیے ہیں۔ سعود شکیل 91 اور عرفات منہاس 27 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
یاد رہے کہ سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تو پاکستان نے ابتدائی روز محتاط بیٹنگ کے باوجود اپنی پوزیشن مستحکم رکھی اور کھیل کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے تھے۔
ڈیبیو کرنے والے طیب عارف نے صرف 51 گیندوں پر 57 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ اذان اویس (30) نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
سری لنکن بولرز نے ابتدائی نقصان کے بعد کم بیک کیا اور دونوں اوپنرز کو پویلین بھیج دیا۔ بعد ازاں بابر اعظم نے 50 رنز بنا کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن وہ بھی نصف سنچری مکمل کرنے کے فوراً بعد دلشان مدوشنکا کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔
ڈیبیوٹینٹ محمد طحہٰ نے بھی 50 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی تاہم وہ سونل دینوشا کا شکار بن گئے جبکہ سلمان آغا ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور اسیتھا فرنینڈو کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
سری لنکا کی جانب سے بولرز نے وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کیں لیکن سعود شکیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو مزید نقصان سے بچایا۔
یوں پاکستان نے پہلے روز کا اختتام پانچ وکٹیں باقی رکھتے ہوئے نسبتاً بہتر پوزیشن پر کیا۔