لڑکی نے دو ماہ تک سو کر 28 لاکھ روپے سے زائد کمالیے

مسلسل دو ماہ تک نیند کا معمول برقرار رکھنے والی لڑکی نے سونے کا منفرد مقابلہ جیت لیا


ویب ڈیسک November 10, 2026

بھارت میں ایک منفرد مقابلے کے دوران مسلسل دو ماہ تک نیند کا معمول برقرار رکھنے والی لڑکی نے 28 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا انعام اپنے نام کرلیا۔ مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے والی جینیا چیٹرجی کو نقد رقم کے ساتھ سیاحتی دورے کا ٹکٹ بھی دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گھریلو استعمال کی اشیا بنانے والی کمپنی نے دو ماہ پر مشتمل اس مقابلے کا انعقاد کیا تھا، جس میں ملک بھر سے دو لاکھ سے زیادہ افراد نے شرکت کے لیے درخواستیں جمع کرائیں۔ مختلف مراحل اور انٹرویوز کے بعد صرف 10 امیدواروں کو حتمی مقابلے کے لیے منتخب کیا گیا۔

شرکاء کے لیے ضروری تھا کہ وہ باقاعدگی سے سونے کا معمول برقرار رکھیں اور ہر ہفتے منعقد ہونے والی دلچسپ سرگرمیوں میں حصہ لیں۔ امیدواروں کی روزانہ کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا اور اسی بنیاد پر انہیں نمبر دے کر درجہ بندی کی جاتی تھی۔

مقابلے کو دلچسپ بنانے کے لیے شرکاء کو کئی غیر معمولی ٹاسک بھی دیے گئے۔ انہیں فلموں کے مشہور مناظر نیند کے انداز میں دوبارہ پیش کرنے، ایک ہفتے تک اپنی نیند کی عادات کا جائزہ لینے اور عام گفتگو کے دوران کسی کو بتائے بغیر 10 مرتبہ ’کمبل‘ یا ’تکیے‘ کے الفاظ استعمال کرنے جیسے چیلنجز مکمل کرنا تھے۔ ہر ہفتے بہترین کارکردگی دکھانے والے امیدوار کو ’بہترین سلیپر آف دی ویک‘ کا اعزاز دیا جاتا تھا۔

فائنل مرحلے میں امیدواروں کو دو بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ آخری مرحلے میں ہر شریک کو اپنی پسند کے مطابق تیار کردہ ماحول میں ایک رات گزارنی تھی۔ ان کے نیند کے اسکور کی بنیاد پر حتمی فاتح کا انتخاب کیا گیا۔

یوں جینیا چیٹرجی نے مقابلے میں سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بھارت کی نیند کی چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہیں 9 لاکھ 63 ہزار 400 بھارتی روپے نقد انعام دیا گیا، جو پاکستانی کرنسی میں 28 لاکھ روپے سے زائد بنتے ہیں۔ اس کے علاوہ کمپنی کی جانب سے سیاحتی دورے کا ٹکٹ بھی انعام میں شامل تھا۔

رپورٹ کے مطابق یہ مقابلہ پہلی مرتبہ 2019 میں شروع کیا گیا تھا۔ ابتدائی چار سیزنز کے دوران اسے 10 لاکھ سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ اب تک 65 شرکاء کو فی کس ایک لاکھ روپے کے انعامات بھی دیے جاچکے ہیں۔