سینڈ پیپر اسکینڈل: عثمان خواجہ کے انکشافات پر کرکٹ آسٹریلیا کا بڑا فیصلہ

یہ اسکینڈل 2018 میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران سامنے آیا تھا


ویب ڈیسک November 10, 2026

آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ کے 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق نئے انکشافات کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نے واقعے کی دوبارہ تحقیقات کرانے کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔

عثمان خواجہ نے اپنی نئی سوانح عمری میں دعویٰ کیا کہ پوری آسٹریلوی ٹیم کو اس منصوبے کا علم تھا جس کے تحت گیند کو سینڈ پیپر سے رگڑ کر ریورس سوئنگ حاصل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ یہ اسکینڈل 2018 میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران سامنے آیا تھا۔

اس وقت صرف کیمرون بینکرافٹ، اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر کے خلاف کارروائی کی گئی تھی۔ بینکرافٹ کو ٹی وی کیمروں نے گیند سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے پکڑا تھا جس کے بعد انہیں نو ماہ جبکہ اسمتھ اور وارنر کو ایک، ایک سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ٹیم کے دیگر کسی کھلاڑی نے اس معاملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تھی۔ یہاں تک کہ موجودہ کپتان پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور نیتھن لائن پر مشتمل بولنگ یونٹ نے 2021 میں ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے اسکینڈل کے منصوبے سے لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔

تاہم عثمان خواجہ کے اس دعوے کے بعد کہ ’ہم سب کو اس منصوبے کا علم تھا‘، ان کھلاڑیوں کے سابقہ موقف پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

دوسری جانب ڈیوڈ وارنر نے اپنے دوست اور سابق ساتھی کھلاڑی عثمان خواجہ کے دعوے کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کی بات سے 100 فی صد متفق ہیں۔