اسلام آباد:
سرکاری دستاویزات سے انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دینے والے دو اعلیٰ ترین اداروں نے واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کی جانب سے کنسلٹنٹس کے انتخاب میں کوتاہیوں اور 316 ارب روپے مالیت کے تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کے ’’کمزور ڈیزائن‘‘ کا جائزہ لینے کا حکم دیاتھا ۔
ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دینے والے سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) اور ایگزیکٹو کمیٹی آف نیشنل اکنامک کونسل (ایکنک) نے ہدایت کی تھی کہ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی جائے جو منصوبے کے ڈیزائن اور عملدرآمد میں تمام طریقہ کار کی خامیوں اور تاخیر کا جائزہ لے جو تاحال قائم نہیں ہوئی ۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق سی ڈی ڈبلیو پی نے یہ ہدایات رواں برس مئی میں اور ایکنک نے اگست میں 316.4 ارب روپے کے تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کی منظوری کے وقت دیں۔
سی ڈی ڈبلیو پی کی ہدایات کی روشنی میں منصوبہ بندی کمیشن نے رواں سال جون میں آبی وسائل کی وزارت کوکمیٹی قائم کرنے کے لیے خط لکھا تھا۔
اس تناظر میں منصوبہ بندی کمیشن کے ایک اہلکار کا کہناتھا کہ ابھی تک کوئی کمیٹی قائم نہیں کی گئی جبکہ واپڈا کے ترجمان نے وفاقی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں کیے گئے کسی بھی اصلاحی اقدام کے حوالے سے سوال کا جواب نہیں دیا۔
دوسری جانب وزارت آبی وسائل نے بھی کوئی تبصرہ نہیں کیا۔واضح رہے کہ پیر کو تربیلا ڈیم کے ٹی5 ہائیڈرو پاور منصوبے پر حفاظتی بند میں شگاف پڑنے سے بڑی مقدار میں پانی سرنگ پانچ میں داخل ہو گیا تھا جس کے باعث تعمیراتی کام غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا گیا تھا ۔
سرنگ سے منسلک دوسری بینچ کی کھدائی کے دوران کمزور چٹان کا تودہ گرگیا، جس کی وجہ سے انٹیک پٹ کا پانی سرنگ اور پاور ہاؤس کے علاقے میں داخل ہوا۔
بیان میں کہا گیا کہ انٹیک پٹ کا پانی مکمل طور پر نکال دیا گیا ہے جبکہ نیچے کی جانب کام کی جگہوں پر مزید پانی داخل نہیں ہو رہا اور مین ٹنل، زیر تعمیر پاور ہاؤس، اور ٹیل ریس کلورٹ یا سوئچ یارڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
یاد رہے واپڈا یہ منصوبہ تربیلا ڈیم کی پانچویں آبپاشی ٹنل کو بجلی کی پیداوار کے لیے تبدیل کرنے کے لیے چلا رہا ہے۔ مزکورہ منصوبے میں تربیلا ڈیم کی موجودہ سرنگ نمبر 5 میں 1410 میگاواٹ کا اضافہ کر کے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت بڑھانا شامل ہے۔
سرکاری ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ رواں سال مئی میں سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے مشاہدہ کیا کہ واپڈا کی جانب سے کنسلٹنٹس کے انتخاب، عملدرآمد میں تاخیر، کمزور ڈیزائن اور منصوبے کی لاگت میں اضافے کے حوالے سے سنگین کوتاہیاں ہیں۔
حکام نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایکنک نے بھی سی ڈی ڈبلیو پی کے فیصلے کو برقرار رکھا تھا ۔
رواں سال اگست میں منصوبے کی حتمی منظوری پر غور کرتے ہوئے ایکنک نے سمری کے پیرا18 میں موجود تجویز کو اس ہدایت کے ساتھ منظور کیا کہ منصوبے کو ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے اور یہ یقینی بنایا جائے کہ لاگت میں مزید اضافہ نہ ہو۔
ایکنک سمری کے پیرا 18 میں واضح کیا گیا کہ نظرثانی شدہ پی سی1 کی ٹوٹل لاگت 316.4 ارب روپے منظور کی گئی، جس میں 180.7 ارب روپے کا غیر ملکی قرضہ شامل ہے۔
ایکنک نے یہ بھی ہدایت کی کہ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے جس میں ممبر انفراسٹرکچر منصوبہ بندی اور ممبر مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سیکشن ممبران ہوں گے۔
جو واپڈا کی جانب سے کنسلٹنٹس کے انتخاب، ڈیزائن میں تبدیلی / ویری ایشن آرڈرز (وی اوز) کی وجہ سے کام کے دائرہ کار میں اضافے اور منصوبے کے نظرثانی شدہ پی سی1 کی لاگت کو معقول بنانے کے حوالے سے تمام طریقہ کار کی کوتاہیوں اور تاخیر کا جائزہ لے گی تاکہ تربیلا توسیعی منصوبے کے نفاذ میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے اور بدانتظامی سے بچا جا سکے۔
اس ماہ کے پہلے ہفتے میں منصوبہ بندی کی وزارت نے اجازت نامے جاری کیے اور آبی وسائل کی وزارت سے کہا کہ وہ ایکنک کے فیصلے کے مطابق انتظامی منظوری جاری کرے۔ ایکنک نے منصوبے کی عملدرآمد کی مدت جون 2028 تک کی بھی اجازت دی تھی۔