کریک ڈاؤن؛ ملک میں غیر قانونی سگریٹس کی فروخت 54 سے کم ہو کر 48 فیصد پر آگئی

کریک ڈاؤن کے سبب سگریٹ سیکٹر سے ٹیکس وصولی 284 ارب روپے سے بڑھ کر 329 ارب روپے پر آگئی


ارشاد انصاری November 11, 2026

اسلام آباد:

غیر قانونی سگریٹس کے خلاف حکومتی کریک ڈاؤن کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، ملک میں غیر قانونی سگریٹس کی مارکیٹ میں حصہ داری 54 فیصد سے کم ہو کر 48 فیصد رہ گئی، سگریٹ سیکٹر سے ٹیکس وصولی 284 ارب روپے سے بڑھ کر 329 ارب روپے پر آگئی۔

اس حوالے سے سینٹر فار مارکیٹ ایجوکیشن ملائیشیا کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق حکومتی اقدامات کے باعث سگریٹ سیکٹر سے ٹیکس وصولی 284 ارب روپے سے بڑھ کر 329 ارب روپے تک پہنچ گئی جس سے قومی خزانے کو 45 ارب روپے اضافی ٹیکس حاصل ہوا۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سگریٹ کی غیر قانونی تجارت سے پاکستان کو سالانہ ایک ارب ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے جبکہ اس غیر قانونی کاروبار سے ضائع ہونے والی آمدن تمباکو شعبے سے حاصل ہونے والے مجموعی ٹیکس کا 117.4 فیصد بنتی ہے، غیر قانونی سگریٹ تجارت سے ہونے والے مالی نقصان کے اعتبار سے پاکستان ایشیا پیسیفک خطے میں تیسرے نمبر پر ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک ارب سگریٹس کو قانونی شعبے میں منتقل کرنے سے قومی خزانے کو مزید سات ارب روپے کی اضافی آمدن حاصل ہو سکتی ہے، رواں سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران غیر قانونی سگریٹس کی تجارت کے خلاف 675 چھاپے مارے گئے جن میں غیر قانونی سگریٹ سازی میں استعمال ہونے والا 2.94 ملین کلوگرام تمباکو، 77 ہزار 197 کلوگرام ایسیٹیٹ ٹو خام مال اور 61 ہزار 295 کلوگرام سگریٹ پیپر ضبط کیا گیا۔

اسی دوران اسمگل شدہ سگریٹس کے خلاف کارروائیوں میں 156 ملین سگریٹ جبکہ ٹیکس ادا کیے بغیر مقامی طور پر تیار کیے گئے 230.9 ملین سگریٹ بھی قبضے میں لیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران غیر قانونی سگریٹ سازی میں ملوث 14 فیکٹریاں سیل کی گئیں جن کی سالانہ پیداواری صلاحیت 7.4 ارب سگریٹ تھی۔

دوسری جانب رپورٹ میں اس امر پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ 675 چھاپوں کے باوجود صرف چار مقدمات درج ہوئے جو مجموعی کارروائیوں کا ایک فیصد سے بھی کم ہیں جبکہ غیر قانونی سگریٹس کے خلاف درج مقدمات میں تاحال کسی کو سزا نہیں ہو سکی۔

رپورٹ کے مطابق چھاپوں کے بعد مقدمات کا اندراج، مؤثر استغاثہ اور ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سزائیں دلوانا سب سے بڑا چیلنج بن چکا ہے، غیر قانونی سگریٹ مافیا کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے لیے مقدمات کا اندراج اور قانونی تقاضوں کے مطابق سزاؤں کو یقینی بنانا ضروری ہے جبکہ غیر قانونی تمباکو تجارت کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عدلیہ کو مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔

رپورٹ میں گرین لیف تھریشنگ یونٹس کی الیکٹرانک نگرانی کو بھی غیر قانونی تمباکو تجارت کی روک تھام کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا گیا ہے۔