بالی ووڈ میں انڈر ورلڈ کا خوف دوبارہ سر اٹھا رہا ہے، منوج باجپائی

منوج باجپائی نے فلمی شخصیات کو درپیش سیکیورٹی خدشات پر تشویش کا اظہار کیا ہے


ویب ڈیسک November 11, 2026

بالی ووڈ کے معروف اداکار منوج باجپائی نے فلمی شخصیات کو درپیش سیکیورٹی خدشات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے فلم انڈسٹری میں انڈر ورلڈ کا خوف ایک بار پھر واپس آرہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ ماضی جیسی صورتحال دوبارہ پیدا نہیں ہوئی، لیکن جرائم کی نوعیت اور طریقۂ واردات بدل چکے ہیں۔

گزشتہ ماہ اداکار ٹائیگر شروف پر ہونے والے حملے نے بالی ووڈ میں سیکیورٹی کے معاملات کو دوبارہ توجہ کا مرکز بنا دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد متعدد فلمی شخصیات نے اپنی حفاظت کے انتظامات مزید سخت کرلیے ہیں۔ اسی تناظر میں امیتابھ بچن کی جانب سے اپنے مداحوں کو ہفتہ وار اتوار کے روز بلٹ پروف شیشے کے پیچھے سے ہاتھ ہلانے کے منظر پر بھی گفتگو ہوئی، جسے منوج باجپائی نے تشویش ناک قرار دیا۔

ایک انٹرویو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا بالی ووڈ میں ایک مرتبہ پھر انڈر ورلڈ کا خوف لوٹ رہا ہے تو منوج باجپائی نے کہا کہ وہ دور شاید کبھی واپس نہ آئے جب پوری فلم انڈسٹری کو نشانہ بنایا جاتا تھا۔ تاہم اب جرائم کی رفتار اور ان کے طریقے تبدیل ہوچکے ہیں۔ ان کے بقول، اب کوئی شخص کسی دوسرے مقام پر بیٹھ کر اپنے شوٹرز کو کسی ہدف پر حملے کے لیے بھیج سکتا ہے، لیکن ممکن ہے کہ حملے کا نشانہ بننے والا شخص اصل ہدف ہی نہ ہو۔

منوج باجپائی نے ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں بھی اداکار مبینہ طور پر اصل ہدف نہیں تھے بلکہ حالات کے نتیجے میں نشانہ بن گئے۔ گرفتار ملزمان کے بیانات کے مطابق ان کا اصل ہدف سلمان خان تھے، جبکہ اکشے کمار، امیتابھ بچن اور عامر خان کے گھروں کی بھی مبینہ طور پر نگرانی کی گئی تھی۔

اداکار کے مطابق اس واقعے سے یہ بات سامنے آئی کہ حملے کا نشانہ بننے والے ٹائیگر شروف کے بجائے دیگر اداکار ممکنہ طور پر اصل ہدف تھے، جس کے بعد انہیں اپنی حفاظت کے لیے غیر معمولی سیکیورٹی انتظامات کرنا پڑ رہے ہیں۔

منوج باجپائی نے امید ظاہر کی کہ حکومت کی جانب سے ان شخصیات کی حفاظت کے لیے کیے جانے والے اقدامات مؤثر ثابت ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعی تشویش کا معاملہ ہے، تاہم ریاستی حکومت صورتحال کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے اور اس پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔