ایرانی فوج کا زیرِ زمین میزائلوں کا شہر؛ تہلکہ خیز مناظر کی نئی ویڈیو

زیرِ زمین مرکز میں بیلسٹک اور کروز میزائلوں کے علاوہ انہیں داغنے کیلیے لانچنگ نظام بھی موجود ہیں


ویب ڈیسک November 11, 2026
ایران نے زیر زمین بیلسٹک اور کروز میزائلوں کے مرکز کی ویڈیو جاری کردی (فوٹو: ویڈیو گریب)

ایران نے اپنے زیرِ زمین میزائل ذخیرے کی ویڈیو جاری کردی جس میں پاسدارانِ انقلاب کے خفیہ میزائل مرکز اور وہاں موجود بیلسٹک و کروز میزائلوں کی جھلک دکھائی گئی ہے۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے زیرِ زمین قائم نئی میزائل تنصیب کی ویڈیو 10 نومبر کو جاری کی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق اس زیرِ زمین مرکز میں بیلسٹک اور کروز میزائلوں کے علاوہ انہیں داغنے کے لیے استعمال ہونے والے لانچنگ نظام بھی موجود ہیں۔

اس موقع پر ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل علی عبداللہی اور پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل مجید موسوی بھی موجود تھے۔

تاہم ایرانی حکام نے اس میزائل مرکز کے مقام اور وہاں موجود میزائلوں کی مجموعی تعداد ظاہر نہیں کی۔

رپورٹ کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے حال ہی میں کہا تھا کہ میزائلوں اور ڈرونز کی تیاری کے تمام مراکز کو زیرِ زمین منتقل کیا جائے گا۔

اس اقدام کا مقصد ممکنہ امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں سے میزائلوں، ڈرونز اور ان کی تیاری کے مراکز کو محفوظ رکھنا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی وسط مدتی انتخابات میں ٹرمپ کی جماعت کی ناکامی اور اسرائیلی الیکشن میں نیتن یاہو کی شکست کے باوجود خطے میں تاحال ایران جنگ کے باعث حالات کشیدہ ہیں۔