پاکستانی اداکار اسد ملک نے ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی اور دستیاب وسائل کے درمیان بڑھتے ہوئے فرق پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبادی میں بے قابو اضافہ پاکستان اور جنوبی ایشیا کے لیے سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔
ان کے مطابق اس کے اثرات معاشرتی زندگی کے مختلف شعبوں پر پڑ رہے ہیں اور طلاق کی بڑھتی ہوئی شرح کے اسباب میں بھی اسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔
اسد ملک گزشتہ تقریباً تین دہائیوں سے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کم عمری میں اداکاری کا آغاز کیا اور ’دشت‘، ’آنسو‘، ’میریو‘، ’کنیز‘، ’دل لگی‘، ’عینی کی آئے گی بارات‘، ’علی کی امی‘، ’بری عورت‘، ’جانے انجانے‘، ’نقاب‘ اور ’دوسرا آسمان‘ سمیت متعدد ڈراموں میں کام کیا۔ حال ہی میں انہیں ہم ٹی وی کے مقبول ڈرامہ سیریل ’لاڈلی‘ میں بھی سراہا گیا۔
اداکار نے حال ہی میں ٹی ایس آر پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران آبادی میں اضافے کے معاملے پر کھل کر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ طلاق سمیت معاشرے میں مختلف مسائل کی شرح بڑھنے کی ایک وجہ آبادی میں مسلسل اضافہ بھی ہے، جسے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے جارہے۔
اسد ملک نے کہا کہ آبادی کا بے تحاشا بڑھنا پاکستان اور جنوبی ایشیا کے لیے زہرِ قاتل ہے اور خطے کو درپیش بڑے مسائل میں سے ایک ہے۔ ان کے مطابق بعض خاندانوں میں چھ یا اس سے زیادہ بچوں کی پیدائش معمول بنتی جارہی ہے، جبکہ وہ اس رجحان کے پیچھے موجود سوچ کو بھی قابلِ غور سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بعض مذہبی شخصیات کی جانب سے یہ تصور پیش کیا جاتا ہے کہ ہر بچے کے ساتھ اس کا رزق بھی آتا ہے، تاہم ان کے خیال میں اس حوالے سے قرآن کی تعلیمات کو مکمل تناظر میں سمجھنے کی ضرورت ہے۔ اسد ملک نے کہا کہ قرآن میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہر ایک کو رزق فراہم کرنے کا ذکر موجود ہے۔
اداکار کے نزدیک دو بچوں تک خاندان محدود رکھنے کی منصوبہ بندی ایک مناسب اور قابلِ عمل فیصلہ ہے۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں دنیاوی زندگی کی عارضی حیثیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مال اور اولاد سمیت دنیا کی مختلف کششیں انسان کے لیے آزمائش اور فخر کا سبب بن سکتی ہیں۔ ان کے مطابق آبادی میں اضافے کے مسئلے پر سنجیدگی سے غور کرنا وقت کی ضرورت ہے۔