جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار پون کلیان کی اہلیہ انا کونیڈالا نے شوہر سے علیحدگی کے اعلان کے بعد اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ غیر فعال کردیا ہے۔ یہ پیش رفت دونوں کی جانب سے 13 سالہ ازدواجی زندگی ختم کرنے کے فیصلے کی تصدیق کے بعد سامنے آئی ہے۔
انا کونیڈالا نے مارچ 2026 میں انسٹاگرام پر اپنا اکاؤنٹ بنایا تھا، تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ انہوں نے اسے کس تاریخ کو بند کیا۔ دوسری جانب پون کلیان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری کیے گئے مشترکہ بیان میں دونوں نے بتایا کہ انہوں نے باہمی رضامندی، سمجھ بوجھ اور ایک دوسرے کے احترام کو مدنظر رکھتے ہوئے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اگرچہ ان کی ازدواجی زندگی ختم ہوگئی ہے، لیکن وہ اچھے دوست اور اپنے بچوں کے لیے ذمہ دار والدین کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ دونوں نے واضح کیا کہ بچوں کی خوشی اور بہتر مستقبل ان کی مشترکہ ترجیح رہے گا۔
پون کلیان اور انا کونیڈالا نے اپنے مداحوں اور خیرخواہوں سے بھی درخواست کی کہ وہ اس ذاتی معاملے کے دوران ان کی نجی زندگی کا احترام کریں۔
واضح رہے کہ پون کلیان کی یہ تیسری شادی تھی۔ انہوں نے 1997 میں نندنی سے پہلی شادی کی تھی، جو 1999 میں ختم ہوگئی۔ اس کے بعد 2009 میں اداکارہ رینو ڈیسائی سے شادی کی، جن سے ان کے دو بچے ہیں۔ یہ رشتہ بھی 2012 میں طلاق پر اختتام پذیر ہوا۔ بعد ازاں 2013 میں پون کلیان نے روسی نژاد انا کونیڈالا سے شادی کی، جن سے ان کے مزید دو بچے ہیں۔