یورپ کے تین اہم ممالک میں ہزاروں اسکولوں کو بم دھماکوں کی دھمکی آمیز ای میلز موصول ہونے کے بعد افراتفری پھیل گئی اور متعدد تعلیمی ادارے خالی کرا لیے گئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق بدھ کو اٹلی کے 6 ہزار 300 اسکولوں، اسکاٹ لینڈ کے 470 اور شمالی آئرلینڈ کے 300 سے زائد تعلیمی اداروں کو دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے۔
اٹلی میں احتیاطی تدابیر کے تحت متعدد اسکول خالی کرائے گئے اور طلبہ کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
تاہم وزیراعظم جورجیا میلونی نے کہا کہ اب تک کی جانچ میں کسی حقیقی خطرے کے شواہد نہیں ملے۔ ان کے بقول ان دھمکیوں کا مقصد خوف اور بے چینی پھیلانا معلوم ہوتا ہے۔
اسکاٹ لینڈ کی پولیس نے بھی پیغامات کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو کوئی خطرہ نہیں۔ شمالی آئرلینڈ میں تعلیمی حکام نے اسکولوں کو پولیس کی ہدایت کے بغیر بند نہ کرنے کا مشورہ دیا۔
اطالوی حکام کے مطابق دھمکی آمیز پیغام میں ایک شخص نے خود کو میخائل اینڈروپوف ظاہر کیا تھا۔ اسکاٹ لینڈ کے اسکولوں کو بھی اسی نام سے ملتا جلتا پیغام موصول ہوا۔
حکام سائبر جرائم کے ماہرین کی مدد سے ای میلز بھیجنے والوں کا سراغ لگانے میں مصروف ہیں۔ تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ان واقعات کا آپس میں کوئی تعلق ہے یا نہیں۔